
رائے بریلی، 2 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے رائے بریلی ضلع کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کے درمیان درجنوں مکانات گر گئے ہیں۔ منگل کی دیررات ایک اور گھر کے منہدم ہونے سے بزرگ شخص کی موت ہو گئی۔ بدھ کو محکمہ محصول کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور تفتیش کی۔
ضلع کے چنداپور پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت آنے والے نیاپوروا گاوں میں منگل کو رات بھر ہوئی بارش کی وجہ سے ایک گھر کی مٹی کی دیوار منہدم ہو گئی۔اس حادثہ میں ایک 85 سالہ شخص، رگھوناتھ کی اس کی زد میں آکر موت ہوگئی۔ رشتہ داروں کے مطابق رگھوناتھ رات کو کھانا کھا کر گھر میں سو رہے تھے۔ رات تقریبا ایک بجے ان کے گھر کی مٹی کی دیوار اچانک گر گئی اور وہ ملبے کے نیچے دب گئے۔انہدام کی آواز سن کر علاقے کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔
گاوں والوں نے فوری طور پر ملبہ ہٹایا اور بزرگ شخص کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) پہنچایا۔ تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریونیو اور پولیس کی مشترکہ ٹیم بدھ کی صبح جائے وقوعہ پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ نائب ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش گوتم نے کہا کہ متاثرہ کے خاندان کو ریونیو ٹیم کی تفتیشی رپورٹ کی بنیاد پر ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی