عدالت نے گزشتہ سال کے ایک معاملے میں بی ڈی او کے خلاف فوجداری مقدمہ خارج کر دیا
جموں, 02 ستمبر (ہ س): جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے سابق بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نگروٹہ اظہر خان کے خلاف درج فوجداری مقدمہ خارج کردیا ہے۔ یہ مقدمہ نومبر 2025 میں گاندھی نگر میں پیش آنے والے ایک متنازع واقعے کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطاب
Courts


جموں, 02 ستمبر (ہ س): جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے سابق بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نگروٹہ اظہر خان کے خلاف درج فوجداری مقدمہ خارج کردیا ہے۔ یہ مقدمہ نومبر 2025 میں گاندھی نگر میں پیش آنے والے ایک متنازع واقعے کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ اس وقت پیش آیا تھا جب اظہر خان نگروٹہ اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کے دوران ٹرانسپورٹ نوڈل افسر کی حیثیت سے انتخابی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ گاندھی نگر کے علاقے میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد ان کا اُس وقت کے ایس ڈی پی او گاندھی نگر سنیل سنگھ جسروٹیا کے ساتھ تنازعہ ہوگیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد معاملہ کافی زیر بحث رہا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے اظہر خان اور ایک دیگر سرکاری ملازم کے خلاف گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 245/2025 درج کی تھی۔ دوسری جانب اظہر خان کی جانب سے بھی پولیس افسر پر مبینہ طور پر مارپیٹ، بدسلوکی اور سرکاری ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ بعد ازاں حکومت نے سنیل سنگھ جسروٹیا کو معطل کردیا تھا۔

تازہ پیش رفت میں پسینجر ٹیکس مجسٹریٹ جموں جیوتی بھگت کی عدالت نے اظہر خان کے خلاف فوجداری کارروائی کو خارج کردیا ہے۔ مقدمے میں اظہر خان کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ عاصم ساونی نے اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ پیروی کی۔

اس فیصلے کے ساتھ اظہر خان کے خلاف مذکورہ فوجداری مقدمے کی کارروائی اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس معاملے سے متعلق کارروائی پہلے ہی ہائی کورٹ میں بھی زیر بحث رہی، جہاں جولائی 2026 میں ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر عبوری روک لگائی گئی تھی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande