مہاراشٹر میں 20 سے 25 ستمبر کے درمیان بارش کا زور بڑھنے کا امکان
مہاراشٹر میں 20 سے 25 ستمبر کے درمیان بارش کا زور بڑھنے کا امکان ممبئی، 18 ستمبر (ہ س)۔ ریاست کے بعض اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے باوجود کئی علاقے اب بھی اچھی بارش کے منتظر ہیں۔ اسی دوران خلیج بنگال میں موسم میں ہونے والی تبدیلی کے باعث
Maharashtra Rain Intensity Expected To Increase


مہاراشٹر میں 20 سے 25 ستمبر کے درمیان بارش کا زور بڑھنے کا امکان

ممبئی، 18 ستمبر (ہ س)۔ ریاست کے بعض اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے باوجود کئی علاقے اب بھی اچھی بارش کے منتظر ہیں۔ اسی دوران خلیج بنگال میں موسم میں ہونے والی تبدیلی کے باعث مہاراشٹر میں دوبارہ بارش کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سینیئر ماہر موسمیات کرشنانند ہوسالیکر نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 20 سے 25 ستمبر کے درمیان مہاراشٹر اور گوا کے علاقوں میں بارش کا زور بڑھ سکتا ہے۔ اس پیش گوئی سے ریاست کے کئی اضلاع کو راحت ملنے کی امید ہے اور خاص طور پر اندرونی علاقوں میں بھی بارش کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق 19 سے 22 ستمبر کے درمیان سانگلی، ستارا، کولہاپور اور پونے اضلاع میں درمیانی سے موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ 21 ستمبر کو ناسک میں بھی درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ احمد نگر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے بعض علاقوں میں درمیانی بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 22 ستمبر کو مراٹھواڑہ میں بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح 21 سے 28 ستمبر کے دوران مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں اچھی بارش ہونے کی توقع ہے۔ مانسون کے آخری مرحلے میں ہونے والی یہ بارش طویل عرصے سے خشک موسم کا سامنا کرنے والے کسانوں کے لیے کسی حد تک راحت کا باعث بن سکتی ہے۔

وہیں، پر بھنی ضلع میں تقریباً 40 دن کے طویل انتظار کے بعد بارش نے دوبارہ دستک دی ہے۔ علی الصبح سے پر بھنی شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے بارش نہ ہونے کے باعث خریف کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا تھا۔ سویابین، کپاس اور تور کی فصلوں کو پانی کی سخت ضرورت تھی، ایسے وقت میں ہونے والی بارش سے کسانوں کی امیدیں ایک بار پھر جاگ اٹھی ہیں۔ اس بارش سے زمین میں نمی کی مقدار بڑھنے میں مدد ملے گی، تاہم فصلوں کو اس سے کتنا فائدہ پہنچے گا، اس کا انحصار آنے والے دنوں میں ہونے والی بارش پر رہے گا۔

دھاراشیو ضلع میں بھی ڈیڑھ ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد نصف شب کے دوران ہلکی بارش ہوئی۔ بارش کی مقدار بہت کم ہونے کے باعث زمین کی پیاس ابھی پوری طرح نہیں بجھی ہے، تاہم بارش کی واپسی سے کسانوں میں اطمینان کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ لاتور شہر اور آس پاس کے علاقوں میں بھی ڈیڑھ ماہ کے طویل وقفے کے بعد رات تقریباً ڈیڑھ بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

ہنگولی ضلع کے کئی علاقوں میں بھی رات سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بجلی کی گھن گرج اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے مرجھائی ہوئی خریف کی فصلوں کو نئی زندگی ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ خاص طور پر سویابین کی فصل کو اس بارش سے فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے بارش کا انتظار کرنے والے کسانوں کو اس بارش سے بڑی راحت ملی ہے۔ آنے والے دنوں میں بارش کا سلسلہ برقرار رہتا ہے تو خریف کی فصلوں اور خاص طور پر پانی کی کمی سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو مزید فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

---------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande