
بھدرواہ میں تاریخی میلہ پٹ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا
جموں، 18 ستمبر (ہ س)۔ بھدرواہ کے واسکی ناگ سے منسوب سالانہ میلہ پٹ تاریخی کھکھل محلہ میں مذہبی جوش و خروش اور روایتی عقیدت کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں، مقامی افراد اور مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے شرکت کی۔ صدیوں پرانا یہ میلہ بھدرواہ کی قدیم ثقافتی اور مذہبی روایات کا اہم حصہ ہے۔ مقامی روایت کے مطابق میلہ پٹ کا آغاز راجہ ناگ پال کے دور میں ہوا، جب بھدرواہ کو بھدرکاشی کے نام سے جانا جاتا تھا۔ یہ میلہ ہر سال ناگ پنچمی کے موقع پر کیلاش یاترا کے اختتام کے سات روز بعد منعقد کیا جاتا ہے۔
میلے کی خاص کشش روایتی ’’ڈِکو رقص‘‘ رہا، جس میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ اس روایتی رقص کے ذریعے بھائی چارے، باہمی احترام، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا۔ مقامی افراد کے مطابق میلہ پٹ مغل بادشاہ اکبر اور بھدرواہ کے راجہ ناگ پال کے درمیان تاریخی ملاقات کی یاد سے بھی وابستہ ہے۔ یہ تہوار آج بھی مختلف مذاہب اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے اور خطے کی قدیم روایات کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
کھکھل محلہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ میلہ پٹ بھدرواہ کی ثقافتی شناخت اور دیرینہ روایات کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نئی نسل کو علاقے کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ بھائی چارے کی روایت کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال، چیف پلاننگ آفیسر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ایس ڈی پی او، پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں کے علاوہ دیگر افسران، اہلکار اور معزز شہری بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر