
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔ انڈین فارمرز فرٹیلائزر کوآپریٹو لمیٹڈ (اِفکو) کے چیئرمین دلیپ سنگھانی کو انٹرنیشنل کوآپریٹو الائنس (آئی سی اے) کے گلوبل بورڈ میں ایٹ لارج ڈائریکٹر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب پاناما سٹی میں منعقدہ آئی سی اے کی جنرل اسمبلی کے دوران ہوا۔
اِفکو کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق، اس انتخاب میں دلیپ سنگھانی نے تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گلوبل بورڈ میں جگہ بنائی۔ ان کی کامیابی کو بھارتی کوآپریٹو تحریک کے لیے عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
سنگھانی کے منتخب ہونے کا اعلان ہوتے ہی پاناما میں موجود بھارتی کوآپریٹو وفد نے ”بھارت ماتا کی جے“ اور ”وندے ماترم“ کے نعرے لگائے۔ اِفکو نے کہا کہ یہ بھارتی کوآپریٹو تحریک کی بڑھتی ہوئی عالمی قبولیت اور اثر و رسوخ کی علامت ہے۔
دلیپ سنگھانی کئی دہائیوں سے کوآپریٹو شعبے سے وابستہ ہیں اور کسانوں، دیہی معیشت اور کوآپریٹو اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔ وہ اس وقت اِفکو اور گجرات اسٹیٹ کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن کے چیئرمین ہیں اور قومی و بین الاقوامی کوآپریٹو اداروں میں مختلف ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔
انٹرنیشنل کوآپریٹو الائنس دنیا کی ایک اہم عالمی کوآپریٹو تنظیم ہے، جو مختلف ممالک کی کوآپریٹو تنظیموں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اِفکو کے مطابق، آئی سی اے گلوبل بورڈ میں بھارت کی شرکت سے بین الاقوامی سطح پر بھارتی کوآپریٹو تحریک کی آواز مزید مضبوط ہوگی۔
دلیپ سنگھانی نے اپنی کامیابی پر آئی سی اے کے رکن ممالک، نمائندوں اور عالمی کوآپریٹو برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی پلیٹ فارم پر بھارت کی کوآپریٹو تحریک کے تجربات اور نقطۂ نظر کو مؤثر انداز میں پیش کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد