کولگام میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، خاتون سمیت تین مشتبہ افرادگرفتار
سرینگر 15 ستمبر (ہ س):۔ منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم میں، کولگام پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں ایک خاتون سمیت تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور مجموعی طور پر 190.5 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا ہ
تصویر


سرینگر 15 ستمبر (ہ س):۔ منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم میں، کولگام پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں ایک خاتون سمیت تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور مجموعی طور پر 190.5 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق پہلی کارروائی ٹاؤن ہال کے قریب واقع اپر مارکیٹ قاضی گنڈ میں متحرک ناکہ چیکنگ کے دوران کی گئی جہاں ایک خاتون کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس کے بیگ کی تلاشی کے دوران، پولیس نے 20.5 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا، جسے مبینہ طور پر سیاہ پولی تھین کے پیکٹ میں چھپایا گیا تھا۔ ملزم خاتون کی شناخت اقصیٰ بشیر بیٹی بشیر احمد ڈار ساکنہ ہرد پورہ اکین پورہ اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ بازیابی کے بعد ایف آئی آر نمبر 221/2026 پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21 کے تحت درج کی گئی اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔ ایک اور علیحدہ کارروائی میں، پولیس نے نیویگ ٹنل کے شمالی پورٹل کے قریب ایک متحرک ناکا قائم کیا، جہاں پولیس پوسٹ نیویگ ٹنل کے اہلکاروں نے ایک سلور رنگ کی سوئفٹ ڈزائر کو روکا جس کا رجسٹریشن نمبر JK09E-9019 تھا۔ گاڑی کی چیکنگ کے دوران پولیس نے بتایا کہ انہوں نے دو افراد کے قبضے سے 170 گرام ہیروئن برآمد کی۔ دونوں کی شناخت عمران میر ولد محمد اکرم میر اور محب ڈار ولد مقصود احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کپواڑہ ضلع کے کرناہ کے رہنے والے ہیں۔ دونوں افراد کو گرفتار کیا گیا این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21/29 کے تحت پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں ایف آئی آر نمبر 222/2026 درج کی گئی۔ پولیس نے کہا کہ برآمد شدہ ممنوعہ اشیاء کے ذریعہ اور سپلائی کے نیٹ ورک کا تعین کرنے اور منشیات کی اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک سے وابستہ کسی دوسرے افراد کے ملوث ہونے کا تعین کرنے کے لئے کیس کی تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی کولگام عنائت علی چودھری،، نے کہا کہ کولگام پولیس منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف اپنی مسلسل مہم جاری رکھے گی اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کرے گی۔ ایس ایس پی نے شہریوں پر بھی تاکید کی کہ وہ چوکس رہیں اور منشیات کی اسمگلنگ یا منشیات کی نقل و حرکت سے متعلق معتبر معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir


 rajesh pande