ایم پی میں فرضی پاسپورٹ معاملہ کا بڑا انکشاف، ایک فون پرمنظورہوتی تھیں درخواستیں، 12 اہلکارشک کے دائرہ میں
گوالیار/بھوپال، 14 ستمبر (ہ س)۔ جیسے جیسے مدھیہ پردیش میں بنگلہ دیشی شہریوں کے فرضی ہندوستانی دستاویزات اور پاسپورٹ کے بین ریاستی نیٹ ورک کی تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں، نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی تحقیقات میں بھوپال،
فراڈ


گوالیار/بھوپال، 14 ستمبر (ہ س)۔ جیسے جیسے مدھیہ پردیش میں بنگلہ دیشی شہریوں کے فرضی ہندوستانی دستاویزات اور پاسپورٹ کے بین ریاستی نیٹ ورک کی تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں، نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی تحقیقات میں بھوپال، گوالیار، چھندواڑہ، پنڈھورنا اور بیتول سے وابستہ دیگر محکموں کے 12 پولیس افسران اور ملازمین کا کردار مشکوک پایا گیا ہے۔ ان سب کی تفتیش اور پوچھ گچھ کی تیاریاں جاری ہیں۔

ایس ٹی ایف کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ نیٹ ورک سال 2021 میں گوالیار کے ڈبرا سے فعال ہوا تھا اور بعد میں بھوپال سمیت کئی شہروں میں پھیل گیا۔صرف بھوپال کے گووند پورہ علاقے کے انا نگر میں ایک مٹھ کے پتے کا استعمال کرتے ہوئے تقریبا 40 پاسپورٹ درخواستیں تیار کی گئیں۔ اسی دوران ڈبرا میں بدھ وہار کے پتے سے 17 بنگلہ دیشی شہریوں کے ہندوستانی دستاویزات اور پاسپورٹ بنائے گئے تھے۔ اس طرح ان دونوں جگہوں سے 57 مشکوک پاسپورٹ ملے ہیں۔ چار اضلاع میں اب تک 70 سے زیادہ مشکوک پاسپورٹ ملے ہیں اور ایس ٹی ایف کو خدشہ ہے کہ ریاست میں یہ تعداد 100 سے تجاوز کر سکتی ہے۔

سب سے حیران کن بات ڈبرا سے سامنے آئی ہے۔ ایس ٹی ایف کی تحقیقات کے مطابق مشتبہ شخص کی پاسپورٹ کی درخواست تصدیق کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچنے سے پہلے ہی وہاں کال موصول ہوئی تھی۔ کال کرنے والے نے درخواست کو فوری قرار دیا اور اسے جلد از جلد کلیئر کرنے کو کہا۔ اس کے بعد تصدیق کے عمل کو تیز کیا گیا۔ تفتیشی ایجنسی اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ پولیس اسٹیشن میں پیشگی کس کو اور کیسے معلومات موصول ہوئی تھیں۔

2021 میں جب ان پاسپورٹ کی تصدیق ڈبرا سے ہوئی تو ونےک شکلا اسٹیشن ہاو¿س آفیسر تھے، جو اس وقت دتیہ میں ڈی ایس پی ہیں۔ پاسپورٹ تصدیق سیل کی سربراہی ہیڈ کانسٹیبل بھوپیندر گرجر کر رہے تھے۔ سریندر سنگھ کچھ عرصے تک پولیس اسٹیشن کے انچارج بھی رہے۔ ایس ٹی ایف ان افسران سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مشکوک درخواستوں کے بارے میں معلومات کال کرنے والے تک کیسے پہنچیں۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ 17 مشکوک پاسپورٹ میں ایک ہی گواہ، ایک ہی پتہ اور ایک ہی موبائل نمبر استعمال کیا گیا تھا۔ تصدیق کے دوران اس طرح کی واضح مماثلتوں کے باوجودفراڈ کا پتہ نہ چلنا، پولیس نظام کی نگرانی کے بارے میں سوالات اٹھاتا ہے۔

تحقیقات میں ریکیٹ کے مرکزی ملزم ریال چودھری کے بارے میں بھی اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ اس کے نام پر چار مختلف پاسپورٹ بنائے گئے تھے اور ان سب میں فرضی دستاویزات استعمال کیے گئے تھے۔ الزام ہے کہ اس نے یہ دستاویزات ڈبرا کے دو مقامی دلالوں کی مدد سے تیار کروائی تھیں۔ اس معاملے میں چار ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں ریال چودھری، جوئے چودھری برواہ، پریان رائے، جنہیں مہاراشٹر کے الہاس نگر سے گرفتار کیا گیا تھا اور وپلاو ادھیکاری، جنہیں جنوبی دہلی سے گرفتار کیا گیا تھا، شامل ہیں۔ دیگر آٹھ ملزموں کی تلاش جاری ہے۔

تحقیقات میں جعلی شناخت بنانے کا طریقہ کار بھی سامنے آیا ہے۔ یہ گینگ مبینہ طور پر پہلے جعلی آدھار کارڈ تیار کرتا تھا۔ اس کی بنیاد پر میونسپل کارپوریشن سے پین کارڈ اور برتھ سرٹیفکیٹ بنائے جاتے تھے۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر پاسپورٹ کے لیے درخواست دی جاتی تھی۔ خود کو بدھ مت کے پیروکاروں کے طور پر شناخت کر کے، کچھ بنگلہ دیشی شہریوں نے ہندوستانی شناخت حاصل کی اور بعد میں تھائی لینڈ، ملائیشیا، چین، سری لنکا اور جاپان تک کا سفر کیا۔ ایجنسیاں اب ان دوروں کے صحیح مقصد اور ممکنہ بین الاقوامی روابط کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

بدھ وہار کے پتے پر موجود دستاویزات کے بارے میں بھی بہت سے سوالات اٹھائے گئے ہیں جہاں سے 17 پاسپورٹ بنائے گئے تھے۔ متعلقہ راہب کا نام مختلف ریکارڈوں میں مختلف ہے۔ آدھار کارڈ پر نام رامیشور جاٹو ہے، جبکہ ووٹر آئی ڈی پر مٹھ کی دیوار پر بھنتے سنگھپریا اور رنگھاپریا مہاتھیرو لکھے ہوئے ہیں۔ آدھار میں والد کا نام نارائن جاٹو اور پتہ دتیا درج ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کچھ دن پہلے بدھ مت اختیار کیا اور اس کے بعد اپنا نام سنگھپریا رکھا۔

ایس ٹی ایف کو تحقیقات کے دوران مٹھ سے متعلق ریکارڈ بھی ترتیب میں نہیں ملے۔ جن لوگوں نے دورہ کیا ان کی مکمل تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ وہ کب آئے، کہاں سے آئے، کتنے عرصے تک رہے اور کب چلے گئے اس کے ریکارڈ نہیں ملے۔ اس وجہ سے مٹھوں کے کردار کو بھی جانچ پڑتال کے تحت رکھا گیا ہے۔

اس پورے معاملہ کا دائرہ کار مقامی سطح تک محدود نہیں ہے۔ وزارت خارجہ نے فرضی پاسپورٹ بنانے کے حوالے سے رپورٹ بھیج کر 2023 میں ہی مدھیہ پردیش پولیس ہیڈ کوارٹر کو الرٹ کر دیا تھا۔ اس کے باوجود، ٹھوس کارروائی یا وسیع انتباہات پرعمل نہ ہونے کے بارے میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

معاملے کی سنگینی کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ کی امیگریشن برانچ نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ کچھ لوگوں نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر بنائے گئے پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کیا ہے یا وہ مزید سرحد عبور کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

ایس ٹی ایف کے ایس پی راجیش سنگھ بھدوریا نے پیر کو کہا کہ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ریاست سے باہر پانچ ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔ جعلی دستاویزات تیار کرنے سے لے کر پاسپورٹ کی تصدیق تک، ان پولیس تھانوں اور محکموں کے افسران اور عملے کی پانچ سال کی مدت کی فہرست تیار کی گئی ہے جہاں سے فائلیں گزری ہیں۔ کئی مشتبہ افراد کی دو سے تین دستاویزات بھی ملی ہیں۔ تحقیقات کی توجہ اب نیٹ ورک کے مقامی سہولت کاروں کے ساتھ ساتھ ان لوگوں پر بھی ہے جنہوں نے سرکاری تصدیق کے نظام کو روکنے میں مدد کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande