
حیدرآباد ،یکم ستمبر(ہ س)۔
ریاست تلنگانہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ووٹرلسٹوں کی خصوصی نظرثانی(ایس آئی آر) مہم کے دوران ایک طرف جہاں 73.39 لاکھ ووٹرس کے نام ووٹرلسٹ سے حذف کئے جانے کا انکشاف ہواہے۔ وہیں دوسری جانب تمام اضلاع بالخصوص گریٹرحیدرآباد میں فارم 6، فارم 7اورفارم 8 کی شدید قلت اورعدم دستیابی نے شہریوں اورسیاسی جماعتوں میں شدید بے چینی پھیلادی ہے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے مطابق یکم اکٹوبر2026ء تک 18 سال کی عمرمکمل کرنے والے نوجوانوں کو نئے ووٹرکے طور پررجسٹر ہونے کا موقع دیا گیا ہے، تاہم حال ہی میں شائع کردہ مسودہ ووٹرلسٹ سے 73.39 لاکھ غیرحاضر،منتقل شدہ، فوت شدہ اوردوہرے ووٹ (اے اے سی ڈی) کو ہٹا دیا گیا ہے۔ عوامی شکایت ہے کہ کئی مقامات پرووٹرس کواینومریشن فارمس دیئے بغیران کا نام(اےاےسیڈی)لسٹ میں ڈال کران کا ووٹ خارج کردیا گیا۔ حکام کاکہنا ہے کہ جن کا نام غلطی سے کٹا ہے،وہ فارم 6 کے ذریعہ دوبارہ اندراج کروائیں۔عوام اوربی ایل اوز سوال اُٹھارہے ہیں کہ جب پولنگ بوتھ پرفارم 6 اوراس کے ساتھ درکارڈیکلریشن فارمس ہی دستیاب نہیں ہیں تومتاثرہ شہری اور نئے 18 سالہ ووٹرس دوبارہ کیسے رجسٹرہوں گے؟ جن ووٹرس کو ان کی پرانی رہائش گاہ پراینومریشن فارمس دیئے گئے تھے اوراب وہ موجودہ پتے پراپنا ووٹ منتقل کروانا چاہتے ہیں یا جن کے نام کے ہجے میں غلطی ہے،انہیں فارم 8 کی اشد ضرورت ہے مگرفی الوقت اضلاع اورشہرمیں کہیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔ جعلی یا مشکوک ووٹرس کے نام ڈرافٹ لسٹ سے نکلوانے اورشکایات درج کرانے کیلئے فارم7 کاہونا لازمی ہے،لیکن یہ فارم بھی فیلڈ سطح پردستیاب نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایت کے باوجود ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اورالیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اسمبلی حلقہ کے لحاظ سے فارمس پرنٹ کرواکربی ایل ایزکودیں۔ ایک بی ایل اونے کہا کہ سروے کے دوران ان کے پورے علاقے میں محض 10 سے 20 فارم۔6 دیئے گئے جوسینکڑوں متاثرہ ووٹرس کے مقابلے اونٹ کے منھ میں زیرہ کے برابر ہے۔ ضلع بھدرادری کتہ گوڑم کے بشمول دیگراضلاع میں تحصیلداروں اورای آراوزنے زبانی احکامات دیئے ہیں کہ پرنٹنگ نہیں کی جارہی ہے،لہذا شہری می سیوا یا پرائیویٹ انٹرنیٹ سنٹرس سے خود زیراکس کرواکر لائیں۔اس مہنگے اورپیچیدہ طریقہ کارپرتمام سیاسی جماعتوں نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری نظام کی غفلت کابوجھ غریب ووٹرس پر کیوں ڈالا جارہا ہے۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق