مالاڈ میں بلڈر کی کار کی ٹکر سے خاتون کی موت، مہاراشٹر سدن کیس میں بری ہو چکا ملزم گرفتار
ممبئی ، یکم ستمبر (ہ س)۔ ممبئی کے مالاڈ ویسٹ علاقے میں ایک 70 سالہ بلڈر کو مبینہ طور پر اپنی الیکٹرک کار سے اسکوٹر اور 3 آٹو رکشا کو ٹکر مارنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حادثے میں 34 سالہ قانون کی ڈگری یافتہ خاتون اور 2 کم سن بچوں کی م
Accident Mum Builder Malad Crash


ممبئی ، یکم ستمبر (ہ س)۔ ممبئی کے مالاڈ ویسٹ علاقے میں ایک 70 سالہ بلڈر کو مبینہ طور پر اپنی الیکٹرک کار سے اسکوٹر اور 3 آٹو رکشا کو ٹکر مارنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حادثے میں 34 سالہ قانون کی ڈگری یافتہ خاتون اور 2 کم سن بچوں کی ماں پرینکا ساترا کی موت ہو گئی، جبکہ ان کے شوہر سمیت کئی دیگر افراد زخمی ہوئے۔ گرفتار بلڈر کرشنا شانترام چامنکر اس سے قبل مہاراشٹر سدن کے ہائی پروفائل معاملے میں بری ہو چکا ہے۔متوفیہ پرینکا ساترا مالاڈ ویسٹ کی رہنے والی تھیں اور قانون کی ڈگری حاصل کر چکی تھیں۔ حادثے کے وقت وہ اپنے شوہر میانک کے ساتھ اسکوٹر پر سوار تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں سبزیاں خریدنے کے لیے گھر سے باہر گئے تھے اور واپسی کے دوران ان کا اسکوٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ مالاڈ پولیس کے مطابق حادثہ اتوار 30 اگست کی رات تقریباً 8 بجے ایس وی روڈ پر ماملیڈار واڑی جنکشن کے قریب پیش آیا۔ ملزم کرشنا شانترام چامنکر مبینہ طور پر مالاڈ سب وے کی سمت سے ایس وی روڈ کی طرف اپنی ایم جی ونڈسر الیکٹرک کار چلا رہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ماملیڈار واڑی سگنل کے قریب ملزم نے مبینہ طور پر بریک لگانے کے بجائے ایکسیلیٹر دبا دیا، جس کے بعد کار نے سب سے پہلے پرینکا اور میانک کے اسکوٹر کو ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں سڑک پر گر گئے۔ اس کے بعد کار نے مزید 3 آٹو رکشا کو بھی ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں میانک کو ہڈیوں میں فریکچر اور کمر پر چوٹیں آئیں۔ حادثے میں مزید 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں آٹو رکشا ڈرائیور صوبیدار چندر گوتم، رام کیش راج بھر اور عبدالرحمن شیخ کے علاوہ ایک مسافر زیتون بی امام بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے بابا صاحب امبیڈکر اسپتال لے جایا گیا۔حادثے کے بعد کرشنا چامنکر کا طبی معائنہ کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق خون کی جانچ میں شراب کے استعمال کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔ ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعات 106، 281 اور 125 کے ساتھ موٹر وہیکلز ایکٹ کی دفعہ 184 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں شکایت زخمی اسکوٹر سوار میانک کے بھائی منتھن دیوجی شاہ نے درج کرائی۔ کرشنا چامنکر کو پیر کے روز بوریولی کی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔حادثے کے بعد ملزم کو مبینہ طور پر خصوصی سہولت دیے جانے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ متوفیہ کے رشتہ دار اور جاننے والے اتوار کی رات دیر گئے مالاڈ پولیس اسٹیشن پہنچے اور انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا گرفتار ملزم کو کسی قسم کی خصوصی سہولت فراہم کی گئی۔ سابق مقامی کارپوریٹر پروین چھیدا نے الزام لگایا کہ حراست کے دوران چامنکر کو موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت دی گئی اور اسے ایئر کنڈیشنڈ کمرے میں رکھا گیا۔ پروین چھیدا نے ان الزامات کی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبئی پولیس کمشنر کو تحریری شکایت دینے کی بات کہی ہے۔ تاہم، پولیس کی جانب سے ان الزامات پر اب تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔کرشنا چامنکر کے ایس چامنکر انٹرپرائزز نامی ادارے کے پروموٹر ہیں۔ یہ کمپنی اس سے قبل مہاراشٹر سدن معاملے میں بھی جانچ کے دائرے میں آ چکی تھی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے 2015 میں نئی دہلی میں مہاراشٹر سدن اور دیگر عمارتوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ یہ ٹھیکے اس وقت دیے گئے تھے جب چھگن بھجبل محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر تھے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے اس معاملے میں مبینہ ملی بھگت اور رشوت کی ادائیگی کا الزام لگایا تھا۔ اس مقدمے میں چھگن بھجبل، ان کے بیٹے پنکج، بھتیجے سمیر اور چامنکر خاندان کے افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ بعد میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی اس معاملے سے متعلق منی لانڈرنگ کی الگ جانچ شروع کی تھی۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande