
امپھال، 9 اگست (ہ س)۔ منی پور میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے تعلق رکھنے والے پانچ فعال کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزموں پر الزام ہے کہ وہ جبری وصولی اور تنظیم کے لیے کارکنوں کی بھرتی سمیت دیگر سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
منی پور پولیس نے اتوار کو کہا کہ دو کے سی پی (نونگدرینکھومبا) کارکنوں کو سی ڈی او بشنو پور نے مورنگ پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت ننگکھلاوی علاقے میں چھاپہ مارنے کے بعد جبری وصولی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ان کی شناخت اکھوم پریم کمار سنگھ عرف موبی (55) کے طور پر ہوئی ہے، جو تھنگا نگرم کا رہائشی ہے اور اس وقت ننگکھلاوئی ماننگ لیکائی میں مقیم ہے اور ننگتھوجم جیتین سنگھ (46)، جو امپھال مغربی ضلع کے لنگول ننگتھو لیکائی کا رہائشی ہے۔
سنیچر کو منی پور پولیس نے کے وائی کے ایل کیڈر خوائرکپم روجیت سنگھ عرف چنگ سنگلاکپا (21) کو گرفتار کیا، جو بشنو پور ضلع کے مورنگ پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت وارڈ نمبر 5 کے تھمناپوکپی ماکھا لیکائی کا رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق وہ کالعدم تنظیم کے لیے کارکنوں کی بھرتی میں ملوث تھا۔ کے وائی کے ایل کے فعال کیڈر نورم پریوکمار سنگھ عرف نوبا (37)، جو ضلع کے نمبول پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت نورم مایی لیکائی کا رہائشی ہے، کو بھی سیکورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔ اس پر جبری وصولی میں فعال طور پر ملوث ہونے کا الزام ہے۔
کے سی پی (امپا) کے ایک فعال کیڈر کونسم بوبوئے سنگھ عرف بوائے (39) کو سیکیورٹی فورسز نے ہفتے کے روز لامسانگ پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت لامدینگ کھونو علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ وہ امپھال مغربی ضلع کے لارنساجک مایی لیکائی کا رہائشی ہے۔
اس سے قبل، حفاظتی دستوں نے کواکیتھیل مایاکوئیبی کے علاقے میں ایک تلاشی کی کارروائی کے دوران آر پی ایف/پی ایل اے کے ایک فعال کیڈر کھانگیمبم سبھاش سنگھ عرف تھانیل (54) کو گرفتار کیا۔ وہ بشنو پور ضلع کے ایرنگبام ماکھا لیکائی کا رہائشی ہے اور اس پر جبری وصولی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی