


دہلی میٹرو نے بجلی کی فراہمی کے لیے مدھیہ پردیش حکومت کا شکریہ ادا کیا
بھوپال، 09 اگست (ہ س)۔
گزشتہ دنوں دہلی میں منعقدہ 7ویں بین الاقوامی کانفرنس میں مدھیہ پردیش کو سراہا گیا ہے۔ دہلی میٹرو کے ڈائریکٹر جنرل پرمیت گرگ نے بغیر کسی سرمایہ کاری کے دہلی میٹرو کو مسلسل بجلی فراہم کرنے پر مدھیہ پردیش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو ریاست میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں کیے جا رہے نمایاں کاموں کے لیے مدعو کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ معلومات اتوار کو ریاست کے جدید اور قابل تجدید توانائی کے وزیر راکیش شکلا نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے گزشتہ دنوں دہلی میں منعقدہ 7ویں بین الاقوامی کانفرنس کے مقام تک ہوائی اڈے سے میٹرو ریل کے ذریعے سفر کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ دہلی کی میٹرو ریل سال 2018 سے ریاست کی جانب سے فراہم کی جانے والی بجلی سے چل رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میٹرو کے آپریشن کے لیے مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے سال 2044 تک مسلسل بجلی فراہم کی جائے گی۔ نئی دہلی میں بین الاقوامی کانفرنس کے دوران جب وہ مدھیہ پردیش میں قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے لیے کیے جا رہے نمایاں کاموں پر پریزنٹیشن دے رہے تھے، اس وقت پس منظر میں اسکرین پر دہلی میٹرو میں سفر سے متعلق تصاویر دکھائی جا رہی تھیں۔ بین الاقوامی نمائندوں نے مدھیہ پردیش کے کاموں کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کانفرنس میں کہا کہ مدھیہ پردیش سال 2030 تک ہندوستان کی 500 گیگا واٹ غیر فوسل توانائی صلاحیت کے قومی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پوری وابستگی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ریاست قابل تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے اور سبز صنعتی ترقی کے شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ مدھیہ پردیش آج ملک کی سرکردہ ریاستوں میں اپنی منفرد شناخت بنا چکا ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ 7ویں بین الاقوامی توانائی کانفرنس اور نمائش-2026 کے افتتاحی اجلاس میں مرکزی جدید اور قابل تجدید توانائی کے وزیر پرہلاد جوشی، مرکزی وزیر برائے بھاری صنعت ایچ ڈی کمار سوامی، بھوٹان کے توانائی اور قدرتی وسائل کے وزیر ایچ ای لیونپو جیم تشرنگ، سری لنکا کے توانائی کے وزیر انورا کروناتھیلاکا، مدھیہ پردیش کے ایڈیشنل چیف سکریٹری منو شریواستو سمیت ملک و بیرون ملک توانائی کے شعبے کے ماہرین، پالیسی ساز اور صنعتی دنیا کے نمائندے موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 750 میگاواٹ ریوا الٹرا میگا سولر پروجیکٹ نے ملک میں پہلی بار شمسی توانائی کا ٹیرف کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی سے بھی کم مقرر کیا۔ اس پروجیکٹ کو ورلڈ بینک گروپ پریزیڈنٹس ایوارڈ فار ایکسیلنس سے نوازا گیا اور اس کی کیس اسٹڈی ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھائی جاتی ہے۔
وزیر شکلا نے بتایا کہ جدید اور قابل تجدید توانائی محکمہ، حکومت مدھیہ پردیش، ریاست میں قابل تجدید توانائی پالیسی سازی، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، منصوبوں کی ترقی اور توانائی کی منتقلی سے متعلق پروگراموں کے تال میل کے لیے اہم محکمہ ہے۔ محکمہ ریاست کو صاف، محفوظ اور پائیدار توانائی کے شعبے میں سرکردہ بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریوا الٹرا میگا سولر لمیٹڈ، مدھیہ پردیش انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ اور سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا (ایس ای سی آئی) کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ رومسل ریاست میں بڑے پیمانے پر شمسی توانائی، فلوٹنگ سولر، ہائبرڈ قابل تجدید توانائی اور بیٹری توانائی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کی ترقی اور عمل درآمد کے لیے نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کر رہا ہے۔ رومسل کی جانب سے تیار کیے گئے اختراعی منصوبے مدھیہ پردیش کو ملک میں توانائی ذخیرہ کرنے اور 24 گھنٹے قابل تجدید توانائی کی فراہمی کے شعبے میں سرکردہ ریاست کے طور پر قائم کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن