
شملہ، 9 اگست (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں مانسون اب بھی فعال ہے۔ ریاست میں اگلے چھ دنوں تک بارش کی سرگرمی جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 10 اور 11 اگست کے ساتھ ساتھ 14 اور 15 اگست کو شدید سے انتہائی شدید بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ ان چار دنوں میں کچھ جگہوں پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ 12 اور 13 اگست کو کچھ مقامات پر شدید بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج کچھ جگہوں پر موسم خراب رہ سکتا ہے۔ ریاست کے بیشتر حصوں میں آج موسم مکمل طور پر صاف نہیں ہے۔ کچھ جگہوں پر بادل چھائے ہوئے ہیں اور کچھ جگہوں پر بارش ہورہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدیدبارش کی سرگرمی میں کمی آئی ہے، حالانکہ کچھ علاقوں میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرمور کے پاونٹا صاحب میں اس دوران سب سے زیادہ 38.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شملہ ضلع کے سراہن میں 25.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کانگڑا کے گھیمرور میں 4 ملی میٹر، دھرم شالہ میں 3.1 ملی میٹر، چمباکے جوت میں 2.8 ملی میٹر اور لاہول اسپیتی کے کوکم سیری میں بھی2.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کانگڑا کے دہرا گوپی پور میں 2.3 ملی میٹر، شملہ میں کوٹکھائی میں 2.3 ملی میٹر اور جبڑہٹی میں 1.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ریاست میں بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں مسلسل بند ہیں۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق اتوار کی صبح تک ریاست میں 129 سڑکیں بند تھیں۔ اس کے علاوہ تین پاور ٹرانسفارمرز اور پینے کے پانی کی نو اسکیمیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ 60 سڑکیں منڈی میں بند ہیں۔ کلو میں 42، شملہ میں 10، سولن میں چھ، کانگڑا میں پانچ اور چمبا اور اونا میں تین تین سڑکیں بند ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 اگست کو بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ توقع ہے کہ 11 اگست کو بھی صورتحال ایسی ہی رہے گی۔ 12 اگست کو کچھ جگہوں پر شدید بارش کا امکان ہے۔ 13 اگست کو بھی الگ تھلگ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد 14 اور 15 اگست کو ایک بار پھر چند مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس طرح 10، 11 ،14 اور 15 اگست کو بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری رہےگی۔
شدید بارش کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ لوگوں کو دریاوں، ندیوں اور گڈھوں کے قریب نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے متائثرہ راستوں پر خصوصی احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔ دریاﺅں اور ندیوں میں پانی کا بہاو اچانک بڑھ سکتا ہے، اس لیے ان کے گرد گھومنا خطرناک ہو سکتا ہے۔
اس دوران، ہماچل میں اس مانسون کے موسم میں بارش سے متعلق حادثات میں اب تک 152 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مانسون 30 جون کو ریاست میں داخل ہوا۔ 8 اگست تک اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق مانسون کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ تقریبا 835 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی