
پریاگ راج،7 اگست (ہ س)۔
کانگریس کمیٹی کے پردیش صدر اجے رائے کی جانب سے تحریری یقین دہانی دیے جانے کے بعد جمعرات کی دیر رات کے پی ٹرسٹ نے 8 اگست کو راہل گاندھی کے مجوزہ پروگرام کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ اس کی اطلاع کانگریس رہنما حسیب احمد اور اجے رائے نے ایک ویڈیو جاری کرکے دی۔
پردیش کانگریس صدر اجے رائے نے 8 اگست کو کے پی گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے مجوزہ ’چھاتروںکی گونج‘ پروگرام کے سلسلے میں پہلے جاری کیا گیا منسوخی کا خط واپس لے لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کائستھ پاٹھ شالہ انتظامیہ کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ پروگرام مکمل طور پر مقررہ شرائط کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
اجے رائے کے خط میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے دوران اسکول کے احاطے کا کسی بھی صورت میں استعمال نہیں کیا جائے گا اور الہ آباد ہائی کورٹ کے تمام احکامات پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ اگر پروگرام کی تیاریوں کے دوران کھیل کے میدان کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچتا ہے تو کانگریس اس کی مرمت کرائے گی۔
خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ پروگرام کسی بھی طرح کا تجارتی پروگرام نہیں ہے اور اس سے 14 اگست 2025 کو الہ آباد ہائی کورٹ کی مفادِ عامہ کی عرضی نمبر 542/2025 میں جاری کردہ احکامات کی کسی بھی صورت خلاف ورزی نہیں ہوگی۔
اجے رائے نے اپنے خط میں کہا کہ ان یقین دہانیوں کے بعد انہیں میدان دستیاب کرایا جائے۔ انہوں نے اس سے قبل ادارے کو بھیجا گیا منسوخی کا خط واپس لینے اور ادارے کے خلاف اٹھائے گئے تمام اعتراضات بھی واپس لینے کی اطلاع دی۔
دوسری جانب کائستھ پاٹھ شالہ کے قائم مقام صدر چودھری جتیندر ناتھ سنگھ نے کانگریس کی تحریری یقین دہانی کی بنیاد پر اجے رائے کا منسوخی کا خط واپس لیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی جانب سے دی گئی اجازت کی شرائط کے مطابق آئندہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد 8 اگست کو مجوزہ پروگرام کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan