تھائی لینڈ: اسکول میں فائرنگ، پانچ اساتذہ سمیت 8 افراد ہلاک، 14 سالہ طالب علم بھی مارا گیا
بینکاک،07اگست(ہ س)۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے مضافاتی علاقے میں ایک اسکول میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پانچ اساتذہ سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق فائرنگ میں ملوث مبینہ حملہ آور نویں جماعت کا 14 سالہ طالب علم تھا، ج
تھائی لینڈ


بینکاک،07اگست(ہ س)۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے مضافاتی علاقے میں ایک اسکول میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پانچ اساتذہ سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق فائرنگ میں ملوث مبینہ حملہ آور نویں جماعت کا 14 سالہ طالب علم تھا، جو واقعے کے بعد مردہ پایا گیا۔

تھائی حکام کے مطابق مبینہ حملہ آور نے اسکول میں اپنے اساتذہ کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے قبل اس پر اپنے دادا اور دادی کو بھی گولی مارنے کا الزام ہے، جن کی بھی اس واقعے میں موت ہوگئی۔واقعے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے متضاد اعداد و شمار سامنے آتے رہے، تاہم تھائی لینڈ کے وزیر صحت پٹانا پرومپات نے تصدیق کی ہے کہ اسکول میں پانچ اساتذہ ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیر صحت کی تصدیق کے بعد واقعے میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ اساتذہ، مبینہ حملہ آور کے دادا اور دادی اور خود 14 سالہ طالب علم شامل ہیں۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور فائرنگ کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسکول میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی انتظامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande