
نئی دہلی، 07 اگست (ہ س)۔
سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس یشونت ورما کی سرکاری رہائش گاہ سے جلے ہوئے نوٹ ملنے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کرانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے کہا کہ یہ عرضی محض تشہیر حاصل کرنے کے مقصد سے دائر کی گئی ہے۔
یہ درخواست گھنشیام اپادھیائے نے دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ اگرچہ جسٹس ورما اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں، لیکن اس سے ان کی رہائش گاہ سے برآمد ہونے والی مبینہ بے حساب رقم کے سلسلے میں ان کی فوجداری ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔
عرضی میں کہا گیا تھا کہ اس سے قبل اسی نوعیت کی ایک درخواست اس تکنیکی بنیاد پر مسترد کر دی گئی تھی کہ درخواست دائر کرنے سے پہلے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی تھی۔ اب یہ قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ مزید کہا گیا کہ جسٹس ورما اب ریٹائر بھی ہو چکے ہیں، اس لیے ان کے خلاف مقدمہ چلانے میں کسی قسم کی قانونی استثنا باقی نہیں رہی۔
واضح رہے کہ جسٹس یشونت ورما نے 10 اپریل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے خلاف مواخذے (امپیچمنٹ) کی کارروائی بھی زیر التوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ