
نئی دہلی، 7 اگست (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ہینڈلوم شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا مناسب استعمال ضروری ہے۔ نوجوانوں، ڈیزائنر اور اسٹارٹ اپس کو اس شعبے میں روایتی دستکاریوں کو جدید رجحانات، برانڈز اور عالمی ویلیو چین سے جوڑ کر نئے مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔
صدرجمہوریہ نے جمعہ کو راشٹرپتی بھون کے سانسکرتک کیندر میں منعقدہ 12ویں قومی ہینڈلوم ڈے کی تقریبات میں سنت کبیر ہینڈ لوم ایوارڈز اور نیشنل ہینڈ لوم ایوارڈ 2025 پیشفراہم کئے۔ اس موقع پر ہندوستان کی مالامال اور متنوع ہینڈلوم روایات کے لیے وقف چار یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہینڈلوم صدیوں سے ہندوستان کی تہذیبی اور ثقافتی ترقی کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔ یہ ملک کے تنوع اور علاقائی امتیاز کو محفوظ رکھتا ہے، جبکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے، فن و ثقافت کے تحفظ اور فطرت کے تئیں حساسیت کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہینڈلوم کا ہندوستان کی جدوجہد آزادی اور خود انحصاری کے جذبے سے گہرا تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 اگست 1905 کو بنگال کی تقسیم کے خلاف احتجاج میں سودیشی تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا، جس کا مقصد مقامی اشیا، گھریلو صنعتوں اور خاص طور پر ملک کے ہینڈلوم بنکروں کو فروغ دینا تھا۔ اس تاریخی واقعہ کی یاد میں، 7 اگست کو 2015 سے قومی ہینڈلوم ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہینڈلوم کے شعبے سے وابستہ تمام لوگوں کو قومی ہینڈلوم ڈے کی مبارکباد دی۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ مارکیٹ تک رسائی اور ہندوستانی ہینڈ لوم مصنوعات کی عالمی موجودگی کو ڈیجیٹل حل اور ای کامرس پلیٹ فارم کے ذریعے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہینڈلوم سیکٹر ملک کی جامع ترقی کے سفر اور خود انحصار ہندوستان کی تشکیل کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سنت کبیر ہینڈ لوم ایوارڈ ملک کے ہینڈلوم بنکروں کو دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے، جب کہ نیشنل ہینڈ لوم ایوارڈ ان بنکروں اور دیگر شراکت داروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے شاندار تخلیقی صلاحیتوں، معیار، اختراعات اور روایتی ہنر کے تحفظ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد