
نئی دہلی، 7 اگست (ہ س)۔ شمال مغربی ضلع کی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف 'آپریشن پرہار' کے تحت 72 گھنٹوں میں ایک بڑے کریک ڈاون میں 390 چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ برآمد شدہ موبائل فونز کی قیمت تقریبا 1.5 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے 65 چوری شدہ دو پہیہ گاڑیاں، ایک کار، 19 غیر قانونی ہتھیار اور 21 چاقو بھی برآمد کیے ہیں۔ الگ الگ معاملات میں تقریبا 62 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات اور 65,000 روپے نقد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ آپریشن کے دوران پولیس نے قانون سے متصادم دو نابالغوں سمیت 23 ملزموں کو گرفتار کیا۔شمال مغربی ضلع کی ڈپٹی کمشنر آف پولیس، آکانکشا یادو نے جمعہ کو کہا کہ سڑک کے جرائم، چوری،لوٹ، ڈکیتی، گاڑی کی چوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث افراد کے خلاف مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس کے لیے پولیس کی ٹیموں نے گشت، تکنیکی نگرانی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق ضلع کے اینٹی برگلری سیل نے چند گھنٹوں کے اندر سبھاش پلیس پولیس اسٹیشن کے علاقے میں چوری کا معاملہ حل کرتے ہوئے چوری اور لوٹ کے موبائل فون کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔ پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کیا، جن میں دھرو عرف کنال اور پنکج عرف پولی شامل ہیں۔ پوچھ گچھ کے بعد تین وصول کنندگان کو بھی گرفتار کیا گیا اور 54 موبائل برآمد کیے گئے۔ اس سے شمال مغربی ضلع میں 22 معاملات حل ہوئے۔ ملزم سے تقریبا 12 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، 65,000 روپے نقد اور جرم میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
وہیں اشوک وہار پولیس نے گشتی کارروائی کے دوران آدتیہ عرف گولو اور امتیاز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کو دیکھ کر وہ دونوں ایکٹیوا سے بھاگنے لگے، لیکن قابو کھونے کے بعد نیچے گر گئے۔ تلاشی کے دوران ایک دیسی پستول، کارتوس، ایک بٹن چاقو، ایک چوری شدہ اوپو موبائل اور ایک چوری شدہ ایکٹیوا برآمد ہوا۔ ان دونوں کے خلاف پہلے ہی 32 فوجداری مقدمات درج ہیں۔
اسی سلسلے میں آدرش نگر پولیس نے فعال صدام عرف ذاکر کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران اس کے قبضے سے پانچ چوری شدہ دو پہیہ گاڑیاں اور پانچ موبائل برآمد ہوئے۔ وہ چھیننے-ڈکیتی اورقتل کی کوشش کے معاملے میں اپنی 15 دن کی پیرول کی میعاد ختم ہونے کے بعدبھی جیل واپس نہیںگیا تھا ۔ پولیس کے مطابق اس نے فرار کے دوران دوبارہ چوری اور چھیننے کا ارتکاب کرنا شروع کر دیا۔ اس کے خلاف 30 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
مکھرجی نگر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی تفتیش کی بنیاد پر دونوں نابالغوں کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ اسی دوران، بھارت نگر پولیس نے سرگرم پریانشو عرف پریانش سکسینہ کو گرفتار کر لیا۔ اس کے پاس سے ایک دیسی ساختہ پستول اور کارتوس برآمد ہوئے۔ اس کے کہنے پر چوری شدہ سات موبائل اور چار دو پہیہ گاڑیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ جائیداد کو تکنیکی تحقیقات کے ذریعے متعلقہ مقدمات سے جوڑا جا رہا ہے اور ان کے اصل مالکان کی شناخت کی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت ضلع کے مختلف تھانوں نے مل کر چھیننے، چوری، لوٹ مار اور آرمز ایکٹ کے کئی مقدمات کا انکشاف کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی