
نئی دہلی، 7 اگست (ہ س)۔ ملک میں ڈیجیٹل صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی توسیع میں ایک اہم سنگ میل کو حاصل کرتے ہوئے، نیشنل ہیلتھ اتھارٹی (این ایچ اے ) نے آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم ) کے تحت چلائی جانے والی ’اسکین اور رجسٹر‘ سروس کے ذریعے 25 کروڑ ا و پی ڈی رجسٹریشن کو عبور کر لیا ہے۔ اکتوبر 2022 میں شروع کی گئی اس سروس نے اسپتالوں میں او پی ڈی رجسٹریشن کے عمل کو تیز تر، آسان اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا کر لاکھوں مریضوں کو راحت پہنچائی ہے۔
اسکین اور رجسٹر سروس کے تحت، مریض کسی بھی اے بی ڈی ایم سے چلنے والی پرسنل ہیلتھ ریکارڈ (پی ایچ آر) ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اسپتال میں لگے ایک منفرد کیو آر کوڈ کو اسکین کرتے ہیں۔ مریض کی رضامندی سے، ان کا آبھا (آیوشمان بھارت ہیلتھ اکاونٹ) پروفائل محفوظ طریقے سے اسپتال کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے، جس سے بغیر کسی کاغذی کارروائی یا لمبی قطاروں کے فوری او پی ڈی رجسٹریشن ممکن ہو جاتا ہے۔ اس سے اسپتال کے رجسٹریشن کاونٹرز پر بھیڑ کم ہوئی ہے اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں میں کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
فی الحال، یہ سروس 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 756 اضلاع میں واقع 30,800 صحت کے اداروں میں دستیاب ہے۔ ان میں 24,323 سرکاری اور 6,481 نجی صحت کے ادارے شامل ہیں۔ ان میں ایمس، مرکزی اور ریاستی سرکاری اسپتال، میڈیکل کالج، ضلع اور ذیلی ضلع اسپتال، کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، ای ایس آئی سی اسپتال، ریلوے اسپتال، ٹرسٹ اسپتال اور نجی اسپتال شامل ہیں۔
نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق تقریباً 4لاکھ مریض روزانہ اس ڈیجیٹل سہولت کا استعمال کر رہے ہیں۔ یہ سروس خواتین، بزرگ شہریوں، حاملہ خواتین اور باقاعدگی سے ہسپتال آنے والے مریضوں کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہو رہی ہے، کیونکہ اس سے رجسٹریشن کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔
ریاستوں میں، بہار میں ڈیجیٹل او پی ڈی رجسٹریشن کی سب سے زیادہ تعداد 7.30کروڑ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد 4.09 کروڑ کے ساتھ اتر پردیش دوسرے ، 3.38 کروڑ کے ساتھ آندھرا پردیش تیسرے اور 1.39 کے ساتھ جموں و کشمیر کا نمبر ہے۔ یہ اعداد و شمار مختلف ریاستوں میں ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتے ہیں۔
سرکاری صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں میں، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، نئی دہلی میں ڈیجیٹل او پی ڈی رجسٹریشن کی سب سے زیادہ تعداد 54.29 لاکھ ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد ایمسبھوپال (29.10 لاکھ)، ایمس بھونیشور (23.93 لاکھ)، ایم پٹنہ (19.62 لاکھ) اور ایمس رائے پور (19.62 لاکھ) کانمبر ہے ۔
اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے، نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار برنوال نے کہا کہ 25 کروڑ ڈیجیٹل اوپی ڈی رجسٹریشن ہندوستان کے ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم میں شہریوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ او پی ڈی رجسٹریشن جیسے عام عمل کو آسان اور ڈیجیٹائز کرنے سے مریضوں کو بہتر سہولت میسر آئی ہے اور صحت کے اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق، آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ملک میں ایک محفوظ، باہمی تعاون کے قابل، اور شہریوں پر مبنی ڈیجیٹل صحت کے نظام کو تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد