
نئی دہلی، 7 اگست(ہ س)۔ مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال، بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین، کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھڑگے اور اے اے پی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہندوستان کے قومی ترانے 'جن گن من' کے تخلیق کار عظیم شاعر، ادیب اور ماہر تعلیم گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کو ان کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خیالات اور ادبی وراثت کو سلام پیش کیا۔
گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کو سلام پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ارجن رام میگھوال نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت، ادب، تعلیم، ان کے خیالات اوربے بہا تخلیقات آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہیں گی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے گرودیو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ادب اور فکر کے ذریعے ہندوستانی ثقافت کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔ انہوں نے کہا کہ گیتانجلی کے ذریعے ٹیگور نے عالمی سطح پر ہندوستان کے جذبے کا اظہار کیا اور شانتی نکیتن کا قیام کرکے تعلیم کو انسانی اقدار سے جوڑنے کی راہ ہموار کی۔ ان کے خیالات اور نظریات ہمیشہ معاشرے کی رہنمائی کریں گے۔
کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے نے رابندر ناتھ ٹیگور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں نوبل انعام یافتہ، دور اندیش شاعر، فلسفی، ماہر تعلیم، سماجی مصلح اور انسان دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے قومی ترانے کے تخلیق کار اور دنیا کے عظیم ترین مصنفین میں سے ایک ٹیگور کی ہمدردی، تخلیقی صلاحیتوں اور ترقی پسندانہ سوچ کی عظیم میراث آج بھی انسانیت کو متاثر کررہی ہے۔
سابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور نے ہندوستانی ادب، ثقافت اور تعلیمی شعبے کو ایک نیا شعور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیگور کی تخلیقات حب الوطنی، انسانی حساسیت، فطرت اور روحانی شعور کے شاندار امتزاج کی عکاسی کرتی ہیں۔ تعلیم کو زندگی سے جوڑنے کا ان کا تصور اور ہندوستانی ثقافت کو عالمی سطح پر پھیلانے کی ان کی کوششیں آج بھی اہمیت رکھتی ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گرودیو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو ایک عظیم قومی ترانہ دینے کے لیے ملک ہمیشہ ان کا مقروض رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیگور کا عظیم اور غیر معمولی ادب ہم وطنوں کو صدیوں تک تحریک دیتا رہے گا۔
دہلی کی وزیر اعلی ریکھا گپتا نے رابندر ناتھ ٹیگور کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ عظیم شاعر اور ادیب، قومی ترانہ 'جن گن من' کے تخلیق کار کی زندگی ہندوستانی ثقافت، قومی شعور اور انسانیت کے لیے وقف تھی۔ ان کا بیش قیمت ادب معاشرے کو فرض، خدمت اور ثقافتی شان و شوکت کی راہ پر گامزن رکھے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی