
نئی دہلی، 7 اگست (ہ س)۔ ملک بھر میں جنوب مغربی مانسون کے فعال ہونے کے ساتھ، دہلی-این سی آر سے لے کر شمال مغربی، مشرقی اور جنوبی ہندوستان کے مختلف حصوں میں اگلے پانچ سے چھ دنوں میں بھاری بارش متوقع ہے۔ جبکہ، خط استوائی بحرالکاہل میں ایک درمیانے ال نینو کی حالت برقرار ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، دہلی-این سی آر میں ہفتہ کی صبح اور دوپہر کے درمیان کئی مقامات پر ہلکی بارش اور کچھ مقامات پر درمیانی بارش کا امکان ہے۔ یہ رجحان رات تک جاری رہ سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 33 سے 35 ڈگری سیلسیس اور 22 سے 24 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اتوار اور پیر کو بھی بارش کی توقع ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، وسطی اور مشرقی استوائی بحر الکاہل میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ کے ساتھ استوائی بحرالکاہل میں ایک درمیانے ال نینو حالت موجود ہے۔ جنوب مغربی مانسون کے موسم میں یہ حالات مضبوط ہونے کی امید ہے۔ مغربی بنگال اور خلیج بنگال کے ساحل پر کم دباو¿ کا علاقہ بننے کا بھی امکان ہے۔
نتیجے کے طور پر، مشرقی ہندوستان (اڈیشہ، جھارکھنڈ، بہار، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم اور گنگا کے ساحل پر آباد مغربی بنگال) میں اگلے تین دنوں میںانتہائی شدید بارش متوقع ہے۔ اگلے دو دنوں میں کیرالہ، ساحلی اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں بھی الگ الگ مقامات پر انتہائی بھاری بارش متوقع ہے۔ شمال مغربی اور ملحقہ وسطی اور شمال مشرقی ہندوستان میں ہفتے کے بیشتر دنوں میں کہیں کہیں بھاری بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ انہی علاقوں میں اس دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جن کی رفتار 40 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، وسطی مہاراشٹر، اڈیشہ اور کیرالہ میں انتہائی شدید بارش (12سے 20 سینٹی میٹر) ریکارڈ کی گئی، آسام، ناگالینڈ، انڈمان اور نکوبار جزائر، جھارکھنڈ، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، کونکن ،ساحلی کرناٹک ، ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں شدید بارش (7 سے 11 سینٹی میٹر) ریکارڈ کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد