
امپھال، 31 اگست (ہ س)۔ منی پور کے کاک چنگ ضلع میں اتوار کی رات مجوزہ مردم شماری کے خلاف نکالے گئے ایک بڑے مشعل جلوس کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ واقعے میں کچھ مظاہرین کے معمولی طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
وابگئی، ہیانگلم اور آس پاس کے علاقوں سے سیکڑوں دیہاتی تقریباً تین کلومیٹر طویل مشعل ریلی میں شریک ہوئے۔ مظاہرین ’’نو این آر سی، نو سینسس‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے مردم شماری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پہلے قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کو اپ ڈیٹ کیا جائے اور نسلی تنازع کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی بازآبادکاری کی جائے، اس کے بعد ہی مردم شماری کرائی جائے۔ریلی کا رخ کاک چنگ ضلع ہیڈکوارٹر کی جانب تھا۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو کیراک ڈیم کے قریب روک دیا۔ اسی دوران کچھ مظاہرین کی جانب سے مبینہ طور پر پتھراؤ کیے جانے کے بعد پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ہنگامے کے دوران چند مظاہرین کو معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس نے سات افراد کو حراست میں لیا، جن میں چار خواتین بھی شامل تھیں۔ تاہم بعد میں اسی رات تمام افراد کو رہا کر دیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan