
نئی دہلی، 31 اگست (ہ س): ۔
ہندوستان نے امریکہ سے ٹینک شکن میزائل نظام ایف جی ایم-148 جیولن خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ ہندوستان نے جیولن نظام کے لیے لیٹر آف آفر اینڈ ایکسیپٹنس (پیشکش اور منظوری کے خط) پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔ اب ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ اور جیولن جوائنٹ وینچر (جے جے وی) نے ہندوستان میں اس نظام کی تیاری کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ ہندوستانی دفاعی صنعت کے لیے اہم مواقع پیدا کرے گا اور ہند-بحرالکاہل خطے میں علاقائی استحکام کو مضبوط کرے گا۔
امریکی سفارت خانے کی ترجمان ڈانا جئے نے 28 اگست کو تصدیق کی تھی کہ ہندوستان نے جیولن سسٹم کے لیے لیٹر آف آفر اینڈ ایکسیپٹنس پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہندوستان جیولن سسٹم کا خریدار بن گیا ہے، جو ایک جدید، درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا فائر اینڈ فارگیٹ اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل ہے۔ اب ہندوستان میں جیولن سسٹم کی تیاری کے لیے جیولن جوائنٹ وینچر نے ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز کو پرائم پارٹنر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ اور جے جے وی ہندوستان میں جیولنسسٹم کے لیے حتمی اسمبلی اور انضمام کی سہولت قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
ٹینک شکن میزائل نظام ایف جی ایم-148 جیولن ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اس سے ہندوستان میں ایک مضبوط دفاعی افرادی قوت تیار ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی کئی سال تک جاری رہنے والی پیداوار کے ذریعے گھریلو سپلائی چین میں امریکی ملازمتوں کے مواقع برقرار رہیں گے۔ ملک میں مشترکہ پیداوار شروع ہونے سے ہندوستان کا دفاعی صنعتی بنیاد مضبوط ہوگا۔ اس سے جیولن کی حتمی اسمبلی اور انضمام ہندوستانی سہولت اور سپلائرز تک منتقل ہوگا، ہائی ٹیک ملازمتیں پیدا ہوں گی، مقامی مینوفیکچرنگ کی مہارت بڑھے گی اور دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر عالمی سپلائی چین کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ قابل اعتماد جیولن ہتھیاروں کے نظام کی فراہمی سے خطے کے شراکت دار ممالک کو بھی مدد ملے گی۔
جیولن جوائنٹ وینچر کے نائب صدر اور پروگرام ڈائریکٹر رچ لیشین نے کہا کہ یہ شراکت داری جیولن جوائنٹ وینچر اور ہندوستانی پارٹنر کے درمیان گہرے اسٹریٹجک تعاون کی عکاسی کرتی ہے، جس سے باہمی مطابقت اور مشترکہ دفاعی اقدامات کو تقویت ملے گی۔ یہ تعاون ہند-بحرالکاہل شراکت داری کے وسیع تر اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جیولن کی مخصوص حتمی اسمبلی اور انضمام کی سہولت قائم کرنے کے لیے ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری اس اہم ٹینک شکن ہتھیاروں کے نظام کے لیے مضبوط سپلائی چین یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ تعاون نہ صرف ہندوستان کی ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ ہند-بحرالکاہل خطے میں مستحکم ڈھانچے کو بھی مضبوط کرے گا، جس سے دنیا بھر میں ہمارے شراکت دار ابھرتے ہوئے خطرات کا تیزی سے جواب دے سکیں گے۔
ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر سوکرن سنگھ نے کہا کہ لاک ہیڈ مارٹن اور ریتھیون کے ساتھ ہمارے طویل عرصے سے چلے آرہے تعلقات میں اس اہم اگلے قدم کے طور پر جیولن جوائنٹ وینچر کے ساتھ شراکت داری کرکے ہمیں خوشی ہے۔ یہ اقدام ہندوستان کے دفاعی صنعتی ماحولیاتی نظام میں ضروری اسمبلنگ کی مہارت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ خود انحصاری کو بھی مضبوط کرے گا۔ یہ معاہدہ ہندوستان کی آپریشنل تیاری بڑھانے کے ساتھ ہی ہندوستانی مسلح افواج تک جنگ کے لیے تیار صلاحیت پہنچانے میں بھی مدد کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ