بہرائچ: سینکڑوں سال پرانی ریل وراثت کو ملے گی نئی رفتار، 31 اگست سے نیپال سرحد تک دوڑے گی براڈ گیج ٹرین
بہرائچ، 30 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے بہرائچ ضلع میں بھارت-نیپال سرحد سے متصل روپئی ڈیہہ اور آس پاس کے لوگوں کا برسوں پرانا انتظار اب ختم ہونے جا رہا ہے۔ تقریباً 137 سال پرانی ریل وراثت اب جدید دور میں داخل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ 31 اگست کو
بہرائچ: سینکڑوں سال پرانی ریل وراثت کو ملے گی نئی رفتار، 31 اگست سے نیپال سرحد تک دوڑے گی براڈ گیج ٹرین


بہرائچ، 30 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے بہرائچ ضلع میں بھارت-نیپال سرحد سے متصل روپئی ڈیہہ اور آس پاس کے لوگوں کا برسوں پرانا انتظار اب ختم ہونے جا رہا ہے۔ تقریباً 137 سال پرانی ریل وراثت اب جدید دور میں داخل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ 31 اگست کو نیپال گنج روڈ ریلوے اسٹیشن سے بہرائچ-نیپال گنج روڈ ریلوے سیکشن پر براڈ گیج اور بجلی سے چلنے والی ریل سروس کا افتتاح کریں گے۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو ورچوئل طریقے سے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ بہرائچ کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر آنند کمار گونڈ سمیت دیگر عوامی نمائندے بھی موجود رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ کے پروگرام کے پیش نظر انتظامیہ، پولیس اور ریلوے نے تیاریاں تیز کردی ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ اکشے ترپاٹھی اور پولیس سپرنٹنڈنٹ وشواجیت شری واستو نے نیپال گنج روڈ اسٹیشن پہنچ کر سکیورٹی اور انتظامات کا معائنہ کیا۔ ریلوے کے لکھنؤ ڈویژن کے افسران بھی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ رکن اسمبلی رام نواس ورما نے بھی اسٹیشن پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس ریلوے سیکشن پر 15 دسمبر 1886 کو ریل سروس شروع ہوئی تھی۔ ریسیا، مٹیرا، بابا گنج، نانپارہ اور روپئی ڈیہہ کے علاقے کے لوگ کئی دہائیوں تک میٹر گیج ٹرین سے سفر کرتے رہے۔ فروری 2024 میں تقریباً 56.15 کلومیٹر طویل اس ریلوے سیکشن پر میٹر گیج ٹرین نے اپنا آخری سفر مکمل کیا تھا۔ اس کے بعد گیج تبدیلی اور بجلی کاری کا کام شروع کیا گیا۔

ریلوے نے تقریباً 342 کروڑ روپے کی لاگت سے ریلوے سیکشن کی گیج تبدیلی، بجلی کاری، اسٹیشنوں کی ترقی اور دیگر کام مکمل کیے ہیں۔ اب نیپال گنج روڈ تک جدید براڈ گیج ریلوے پہنچنے سے روپئی ڈیہہ، نانپارہ، ریسیا، مٹیرا، بابا گنج اور بہرائچ سمیت سرحدی علاقے میں تجارت، سیاحت اور آمدورفت کو رفتار ملنے کی امید ہے۔

ابتدائی مرحلے میں نیپال گنج روڈ سے چار جوڑی یعنی آٹھ ٹرینیں چلانے کی تیاری ہے۔ ان میں وارانسی کے لیے انٹر سٹی اور ایکسپریس ٹرینیں اور گونڈہ کے لیے مسافر ٹرینیں شامل ہیں۔ مجوزہ ٹائم ٹیبل کے مطابق نیپال گنج روڈ سے وارانسی کے لیے پہلی ٹرین صبح 4 بجے اور گونڈہ کے لیے پہلی مسافر ٹرین صبح 8:20 بجے روانہ ہوگی۔

افتتاح کے موقع پر نیپال گنج روڈ سے وارانسی سٹی کے لیے خصوصی ٹرین بھی چلائی جائے گی۔ یہ ٹرین نانپارہ، ریسیا، بہرائچ، پییاگ پور، گونڈہ، بلرام پور، تلسی پور، بڑھنی، سدھارتھ نگر، گورکھپور سمیت کئی اسٹیشنوں سے ہوتے ہوئے وارانسی پہنچے گی۔

خصوصی ٹرین میں مفت سفر کے لیے اتوار کو نیپال گنج روڈ اسٹیشن پر ٹکٹ لینے والوں کی بھیڑ امڈ پڑی۔ بڑی تعداد میں لوگ اس تاریخی سفر کا حصہ بننے کے لیے پرجوش نظر آئے۔ نئی ریل سروس سے سرحدی علاقے میں ترقی، تجارت اور آمدورفت کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے۔ 31 اگست کو براڈ گیج ٹرین کا آپریشن شروع ہونا علاقے کی ریل تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز مانا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande