
لکھنؤ، 30 اگست (ہ س):۔
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ سماجوادی حکومت بننے پر مہاراجہ کھیت سنگھ کھنگار کی برادری کے لوگوں کو سیاسی عزت اور مناسب مقام دے کر ان کا حوصلہ بڑھانے کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر ریاست میں سرکاری پرائمری اسکولوں کو بند کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایس پی حکومت بننے پر بند کیے گئے اسکولوں کو دوبارہ شروع کرایا جائے گا۔
اکھلیش یادو اتوار کو دارالحکومت میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس سے صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ”مہاراجہ کھیت سنگھ کھنگار جی کی برادری کے لوگوں کو میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جب بھی سماجوادی حکومت بنے گی، انہیں سیاسی عزت اور مناسب مقام دے کر ان کا حوصلہ بڑھانے کا کام کیا جائے گا۔“
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لوگوں کا مطالبہ رہا ہے کہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے اور آبادی کے تناسب سے تمام طبقات کو ان کا حق اور عزت ملے۔ اکھلیش نے کہا کہ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنتے ہی تین ماہ کے اندر ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا کام کیا جائے گا۔ ایس پی صدر نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں لوٹ اور ”مہا ڈکیتی“ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں ہونے والی اس لوٹ کو روک کر جو رقم بچے گی، اسے غریبوں کی فلاح کے لیے خرچ کیا جائے گا۔
اکھلیش یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا، ”پورا ملک جانتا ہے کہ سیتا ماتا کا اغوا کرنے والا بھیس بدل کر آیا تھا، اس لیے ایسے (بی جے پی) لوگوں سے محتاط رہیے۔“ انہوں نے ریاست میں سرکاری پرائمری اسکولوں کو بند کیے جانے کا بھی الزام عائد کیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت جن 26 ہزار پرائمری اسکولوں کو بند کرنے کی تیاری کر رہی ہے، سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے پر انہیں دوبارہ شروع کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول بند ہونے سے غریب، دیہی اور محروم خاندانوں کے بچوں کی تعلیم متاثر ہوگی اور انہیں تعلیم حاصل کرنے کے لیے دور جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری پرائمری اسکولوں میں پسماندہ، دلت اور اقلیتی برادریوں کے بچے بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ایس پی حکومت بننے پر پی ڈی اے (پسماندہ، دلت اور اقلیتی) برادری کو اس کی آبادی کے تناسب سے حق اور عزت دینے کا کام کیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی سماجی انصاف اور مساوی مواقع کے لیے پرعزم ہے اور حکومت بننے پر محروم طبقات کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کی سمت میں ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
ایس پی صدر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بڑے دولت مند سرمایہ داروں کی پارٹی ہے، غریبوں سے پیسہ لوٹ کر ان کی جیبوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی شبیہ بہتر بنانے کے لیے 7 ہزار کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے، حقیقت یہ ہے کہ 70 ہزار کروڑ روپے بھی خرچ کر دیے جائیں تو شبیہ بہتر ہونے والی نہیں ہے۔ اکھلیش نے پھر دہرایا کہ پی ڈی اے سے انہیں (بی جے پی کو) پیٹ میں درد ہے، کیونکہ ہم ترقی پسند لوگ ہیں، ترقی کرنا چاہتے ہیں اور آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
ایس پی صدر نے نام لیے بغیر کہا کہ چودھری چرن سنگھ جی پہلے ایسے رہنما تھے جنہوں نے کسانوں کے لیے جدوجہد کی۔ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی ان کا احترام کرتی ہے تو ہینڈ پمپ کو تین گنا سیٹیں دی جانی چاہئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ