
سرینگر، 29 اگست( ہ س)۔ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے آج سے کشمیر کے بڈگام اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان ٹرین سروس بحال کر دی ہے، جس سے وادی اور جموں خطے کے درمیان براہ راست رابطہ قائم ہو گا۔ ٹرین نمبر 04688/04687 بڈگام اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان 29 اگست سے اپنے معمول کے روٹ پر چلنے لگی ہے، ناردرن ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ٹرین 04688 بڈگام سے صبح 7:20 بجے روانہ ہوئی اور دوپہر 1 بجے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پہنچ گئی ۔
واپسی کے سفر پر ٹرین 04687 کٹرہ سے دوپہر 1:45 بجے روانہ ہوگی اور رات 8 بجے بڈگام پہنچے گی۔ سروس کی بحالی سے وادی کشمیر کے رہائشیوں، طلباء، ملازمین اور ماتا ویشنو دیوی جانے والے یاتریوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ ریلوے نے کہا کہ یہ سروس وادی کشمیر اور جموں خطہ کے درمیان ایک اہم لنک کے طور پر کام کرے گی اور مسافروں کو سفر کا آسان آپشن فراہم کرے گی۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے نیشنل ٹرین انکوائری سسٹم موبائل ایپلیکیشن، انڈین ریلوے کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن نمبر 139 کے ذریعے ٹرین کی تازہ ترین صورتحال اور اوقات کی جانچ کریں۔
شمالی ریلوے نے کہا کہ وہ مسافروں کو محفوظ، ہموار اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir