
گورکھپور، 27 اگست (ہ س)۔
بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امرپریت سنگھ جمعرات کو اتر پردیش کے گورکھپور واقع گاو¿ں ماتھاباری پہنچے۔ انہوں نے یہاں رام آشرے گرام وکاس مرکز اور سرسوتی گروکل کا دورہ کیا اور طلبہ و دیہاتیوں سے بات چیت کی۔ پروگرام میں 50 سے زیادہ گاو¿ں سے آئے طلبہ اور دیہی باشندوںنے شرکت کی۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنا نہیں ہے۔ تعلیم کے ساتھ اخلاق و کردار، نظم و ضبط، ذمہ داری اور ملک کے تئیں وابستگی کا جذبہ پیدا ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپنی بھارتی شناخت پر فخر کرنے اور خود کو ذمہ دار اور سچے بھارتی شہری کے طور پر تیار کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجوں کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور آج کی نسل تکنیکی دور میں آگے بڑھ رہی ہے، لیکن تکنیکی مہارت کے ساتھ انسانی اقدار، حساسیت اور مضبوط کردار کا ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
سرسوتی گروکل کے طلبہ نے تعلیم، زندگی، قیادت، ملک کی خدمت اور مستقبل سے متعلق متعدد تجسس انگیز اور فکر انگیز سوالات فضائیہ کے سربراہ کے سامنے رکھے۔ انہوں نے طلبہ کے سوالات کے جوابات آسان اور دلچسپ مثالوں کے ذریعے دیے۔ ان کی گفتگو نے پیچیدہ موضوعات کو بھی بچوں کے لیے آسان اور قابلِ فہم بنا دیا۔
فضائیہ کے سربراہ نے نوجوانوں سے واضح ہدف مقرر کرنے، اس کے لیے حکمتِ عملی بنا کر نظم و ضبط کے ساتھ مسلسل کوشش کرنے اور مشکل حالات میں بھی اپنے عزم سے منحرف نہ ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کامیابی کے بنیادی اصول کے طور پر ’ایک خواب، ایک ہدف، ایک عزم اور ایک بامقصد زندگی‘ کے جذبے پر خصوصی زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین سنجے شری نیت نے زندگی کے مقصد اور اس کی معنویت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صرف پیدا ہونا اہم نہیں ہے، بلکہ اہم یہ ہے کہ انسان اپنی زندگی کس مقصد کے ساتھ گزارتا ہے اور معاشرے و ملک کے لیے کیا خدمات انجام دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ