
جموں, 27 اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے امید ظاہر کی ہے کہ کانگریس جلد ہی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت میں شامل ہوگی۔جموں میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس اتحاد کی شراکت دار ہے اور اسے حکومت میں شامل ہونے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا اتحاد باہمی اعتماد اور مفاہمت پر قائم ہے۔
چودھری نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے وقت سے ہی نیشنل کانفرنس کی خواہش رہی ہے کہ کانگریس حکومت کا حصہ بنے، تاہم کانگریس کی جانب سے فیصلہ کرنے میں کچھ تاخیر ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس جلد اس سلسلے میں فیصلہ کرے گی۔انہوں نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے کسی قسم کی لالچ یا سیاسی سودے بازی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایسی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق اتحاد باہمی اعتماد پر مبنی ہے اور دل سے کیے گئے فیصلے زیادہ دیرپا ہوتے ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے بجلی کے نرخوں اور بلوں کے معاملے پر سابقہ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 برس کے بجلی نرخوں اور بلوں کا موجودہ حکومت کی کارکردگی سے موازنہ کیا جانا چاہیے اور یہ بھی دیکھا جائے کہ سابق دور حکومت میں کتنی مرتبہ صارفین کو معافی یا رعایت دی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر