بچوں کے کھانے میں کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی: یوگی آدتیہ ناتھ
لکھنؤ، 23 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رکشا بندھن سے قبل ریاست کے 3.54 لاکھ اسکول کچن کارکنان کو چار بڑے تحفے دینے کا اعلان کیا۔ اتوار کو اندرا گاندھی پرتیشٹھان میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسک
بچوں کے کھانے میں کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی: یوگی آدتیہ ناتھ


لکھنؤ، 23 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رکشا بندھن سے قبل ریاست کے 3.54 لاکھ اسکول کچن کارکنان کو چار بڑے تحفے دینے کا اعلان کیا۔ اتوار کو اندرا گاندھی پرتیشٹھان میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کے لیے کھانا تیار کرنے والی باورچی خواتین کو اب ماہانہ 2 ہزار کے بجائے 3 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کسی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں باورچی خواتین اور ان کے اہل خانہ کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ذریعے 2 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہیں ہر سال 5 لاکھ روپے تک کی کیش لیس طبی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ لباس کے لیے دی جانے والی رقم بھی دوگنی کرکے 500 سے بڑھا کر 1000 روپے کردی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اسکول کچن میں صفائی اور بچوں کی غذا کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کھانے میں کسی بھی قسم کی لاپروائی نہیں ہونی چاہیے اور فوڈ پوائزننگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے باورچی خواتین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کھانے میں چھپکلی یا کوئی کیڑا نہ گرنے پائے، کیونکہ یہ بچوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔ کھانا تیار کرتے وقت باورچی خانے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی نہیں ہونا چاہیے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پی ایم پوشن مشن کے تحت چھ روزہ مینو میں موٹے اناج، مقامی پکوان اور موسمی پھل بھی شامل کیے گئے ہیں۔ بچوں کو مختلف دنوں میں مختلف اقسام کی غذائیت سے بھرپور غذا فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی کچن صاف ستھری ہو اور بچوں کو مقررہ وقت پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہفتہ وار مینو کے تحت معیاری اور غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تقریباً نو سال قبل اسکول کچن کارکنان کو صرف ایک ہزار روپے اعزازیہ ملتا تھا اور وہ بھی کبھی وقت پر ملتا تھا اور کبھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے جن دھن کھاتوں کے ذریعے سرکاری رقم براہ راست مستحقین تک پہنچانے کا نظام قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب باورچی خواتین کے لیے سماجی تحفظ کی سہولت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ کسی حادثے، آفت، مکمل معذوری یا موت کی صورت میں خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس مقصد کے لیے ایس بی آئی کے ساتھ انتظام کیا گیا ہے۔یوگی نے کہا کہ باورچی خواتین کے بینک کھاتے ایس بی آئی میں کھولے جائیں گے اور اعزازیہ براہ راست انہی کھاتوں میں منتقل کیا جائے گا۔ کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بینک کی جانب سے فوری طور پر 2 لاکھ روپے کی مدد فراہم کی جائے گی۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اسکول کی کچن صرف بچوں کا پیٹ بھرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ انہیں صحت مند اور مضبوط بنانے کی ایک مہم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باورچی خواتین ملک کے بچوں کو صحت مند بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے ان کی صحت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے باورچی خواتین یا ان کے اہل خانہ کے کسی فرد کے بیمار ہونے کی صورت میں سرکاری اسپتال سمیت کسی بھی فہرست میں شامل اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت ہر سال 5 لاکھ روپے تک کی طبی بیمہ سہولت فراہم کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے سماج وادی پارٹی پر بھی سخت حملہ کیا۔ انہوں نے پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کے ایک بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ببوا‘‘ کہتے ہیں کہ خاندان کے تمام افراد رکن پارلیمنٹ ہیں، اسی لیے سماج وادی پارٹی قائم ہے۔یوگی نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو ہمیشہ کے لیے مسترد کردیں گے، کیونکہ ان لوگوں نے خاندان کے مفاد کے لیے غریبوں کا استحصال کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومت کے دور میں اتر پردیش میں زمینوں پر قبضے، جرائم اور فرقہ وارانہ فسادات عام تھے اور ترقیاتی کام متاثر ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج اتر پردیش فسادات اور کرفیو سے آزاد ہے، اسی لیے ریاست میں ترقی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کسی نے بیٹیوں کی حفاظت کے ساتھ کھلواڑ کیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یوگی نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں بچوں کے مڈ ڈے میل میں بھی بدعنوانی کی جاتی تھی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande