
پریاگ راج، 23 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے پریاگ راج ضلع کے جھونسی تھانہ علاقے سے ریلوے کے جونیئر انجینئر (جے ای) کے بیٹے کے اغوا کے معاملے کا پولیس نے اتوار کو انکشاف کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دھومن گنج تھانہ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول اور چھ کارتوس برآمد کیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سٹی)ساگر جین نے بتایا کہ 21 اگست کو جھونسی تھانہ علاقے سے ریلوے کے جونیئر انجینئر شیوم سنگھ کے بیٹے شبھم سنگھ کے اغوا کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی۔ اسی سلسلے میں دھومن گنج پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار ملزمان میں چکمونڈیرا کے رہائشی نامزد ملزم شیبو عرف شبھم کیسروانی کے علاوہ مہیلا گرام کے رہائشی آلوک کمار اور وکاس بھارتیہ عرف ڈِگل شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 32 بور کی ایک غیر قانونی پستول، ایک زندہ کارتوس اور ایک خول، جبکہ .315 بور کا ایک غیر قانونی دیسی ساختہ پستول اور تین زندہ کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔ برآمدگی کی بنیاد پر دھومن گنج تھانے میں آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈی سی پی سٹی نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزمان سے حاصل معلومات کے مطابق متاثرہ شبھم سنگھ اور ملزم شیبو ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ دونوں کے درمیان پہلے سے پیسوں کے لین دین کو لے کر تنازع چل رہا تھا۔شبھم کے والد شیوم سنگھ نے جھونسی پولیس کو اطلاع دی تھی کہ ان کے بیٹے کو ملزمان مبینہ طور پر زبردستی کار میں بٹھا کر لے گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی شروع کردی۔پولیس ٹیموں نے ملزمان کی تلاش کرتے ہوئے تینوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور کارتوس برآمد کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ڈی سی پی ساگر جین نے بتایا کہ گرفتار ملزم شیبو عرف شبھم کیسروانی کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔ اس کے خلاف سال 2025 میں سول لائنز تھانے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس یہ بھی جانچ کر رہی ہے کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد کیے گئے اسلحے کا استعمال کسی دیگر مجرمانہ واقعے میں تو نہیں کیا گیا۔کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم میں انسپکٹر انچارج دھننجے کمار پانڈے، سب انسپکٹر سدھیر کمار پانڈے، سب انسپکٹر ساگر، ہیڈ کانسٹیبل ستیندر پرکاش موریہ اور کانسٹیبل آلوک کمار شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan