
پٹنہ، 23 اگست (ہ س)۔ پٹنہ ضلع کے منیر تھانے کے مین گیٹ پر فائرنگ کرنے والے تین جرائم پیشوں کو پولیس نے واقعہ کے تقریب نصف گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا ۔ انہوں نے تقریباً 12 کلومیٹر تک ان کا پیچھا کیا اور انہیں چھٹنواں کے قریب نئے راستے سے پکڑ لیا۔ گرفتار ملزمین سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا دیسی ساختہ پستول، ایک کارتوس، واردات میں ملوث موٹر سائیکل اور دو موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔ڈی ایس پی ۔2 امریندر کمار جھا نے بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک گاڑی نے موٹر سائیکل سوار جرائم پیشوں کا تعاقب شروع کیا۔ جب وہ چھٹنواں کے قریب نئے راستے سے کھگول کی طرف بھاگ رہے تھے ، پولیس نے انہیں دونوں اطراف سے گھیر لیا اور تینوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کی تلاشی کے دوران ایک دیسی ساختہ پستول اور ایک کارتوس برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور دو موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
گرفتار ملزم کی شناخت گوتم کمار ولد پروین سریواستو ساکن رام نگر منیر کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گوتم کمار ہی تھا جس نے منیر تھانے کے مین گیٹ پر فائرنگ کی۔ موٹر سائیکل پر گووند کمار ولد مکیش ساہ ساکن گولا روڈ دانا پور اور گولو کمار ولد انل سنگھ سوار تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ گروپ بندی کی وجہ سے منیر گاندھی میدان میں دیر شام مارپیٹ ہوئی تھی ۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد دہشت پھیلانے کے لیے تھانے کے مین گیٹ کے قریب فائرنگ کی گئی۔ پولیس اب تینوں گرفتار ملزمین کی مجرمانہ تاریخ کی تفتیش کر رہی ہے۔ معاملہ میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan