
پٹنہ،23اگست(ہ س)۔ پٹنہ کے بختیار پور میںہفتہ کی دیرشام ایک دکان میں زبردست آگ لگ گئی، جس میں 5 ماہ کی بچی سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ واقعہ اولڈ بائی پاس علاقے میں پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ مرنے والوں کی شناخت دکاندار پنکج کی ماں گیتا دیوی (50)، بیوی ریما دیوی (30) اور 5 ماہ کی بیٹی کے طور پر کی گئی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق دکان کے مالک پنکج کے گھر پر شیو چرچا کا پروگرام چل رہا تھا۔اسی دوران گر میں ہون ۔پوجن کیا گیا۔ شبہ ہے کہ آگ اسی دوران لگی۔ دکان موبائل کی تھی اور گھر میں بھی موبائل کا اسٹاک تھا۔ آتش گیر مادے کی موجودگی کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ آگ لگنے سے چار افراد گھر کے اندر پھنس گئے۔ ایک خاتون کو ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت باہر نکال لیا جبکہ تین دیگر اندر پھنسے رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد پنکج کی بہن نے جان بچانے کے لیے چھت سے چھلانگ لگا دی۔ تاہم ان کی بیٹی گھر کے اندر تھی۔ وہ بچے کو بچانے کے لیے جلتے ہوئے گھر میں واپس چلی گئی۔ اس دوران وہ بھی آگ کی زد میں آگئی تاہم اسے زندہ بچا لیا گیا۔ دکاندار کی ماں، بیوی اور 5 ماہ کی بچی جھلس گئی جس سے اس کی موت ہوگئی ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم اور بختیار پور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ تھوڑی دیر بعد باڑھ-2 کے ایس ڈی پی او آیوش سریواستو بھی پہنچ گئے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال بھیج دیا۔
باڑھ-2 کے ایس ڈی پی او آیوش سریواستو نے بتایا کہ موبائل دکانمیں پوجا تقریب کے بعد آگ لگی۔ واقعے کے وقت چار افراد گھر کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے ایک خاتون کو بحفاظت نکال لیا جبکہ تین افراد کی جھلس کر موت ہوگی ۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پالیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan