ایم ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبات حل کرنے کا مطالبہ کیا
جموں, 23 اگست (ہ س)۔ آل جے اینڈ کے این ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں ڈویژن نے حکومت سے این ایچ ایم ملازمین کے دیرینہ مطالبات فوری طور پر حل کرنے اور اس سلسلے میں 28 اگست سے قبل ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا
ایم ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبات حل کرنے کا مطالبہ کیا


جموں, 23 اگست (ہ س)۔ آل جے اینڈ کے این ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں ڈویژن نے حکومت سے این ایچ ایم ملازمین کے دیرینہ مطالبات فوری طور پر حل کرنے اور اس سلسلے میں 28 اگست سے قبل ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ڈاکٹر وکاس شرما نے جاری بیان میں کہا کہ این ایچ ایم ملازمین گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے محکمہ صحت میں پوری لگن اور ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن ان کے جائز مطالبات اب بھی حل طلب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین نے مشکل حالات اور صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال کے دوران بھی دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کے حل میں مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے، جس سے ملازمین میں مایوسی اور بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔

ایسوسی ایشن نے تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات وزارت صحت و خاندانی بہبود، حکومت ہند کو بھیجے جانے سے متعلق سابقہ بیان پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس معاملے میں کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی اور حکومت کو اس کی موجودہ صورتحال واضح کرنی چاہیے۔ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر فیضان علی ترمبو نے کہا کہ این ایچ ایم ملازمین نے ہمیشہ نظم و ضبط کے ساتھ اپنی خدمات انجام دی ہیں اور وہ احتجاج کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتے، تاہم مسلسل عدم توجہی کے باعث ملازمین آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں ڈویژن، کشمیر ڈویژن این ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کے تحت حکومت کو وقت دیا گیا ہے اور شری امرناتھ جی یاترا کے اختتام تک انتظار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 اگست کے بعد جو بھی اجتماعی فیصلہ لیا جائے گا، جموں ڈویژن اس کی مکمل حمایت کرے گا۔

ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ، وزیر صحت، کمشنر سکریٹری صحت و طبی تعلیم اور مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جموں و کشمیر سے اپیل کی کہ وہ ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جموں و کشمیر کے دونوں ڈویژنوں کے نمائندوں کے ساتھ فوری مذاکرات کریں۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس کا مقصد این ایچ ایم ملازمین کے جائز مطالبات کا پرامن اور باوقار حل تلاش کرنا ہے اور حکومت کو چاہیے کہ ہزاروں ملازمین اور مجموعی صحت نظام کے مفاد میں بروقت مثبت اقدامات کرے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande