
جموں, 23 اگست (ہ س): لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے ’زہاب اسٹوک لداخ‘ کے نام سے مرکز کے زیر انتظام علاقے کا پہلا سرکاری یوتھ انٹرن شپ پورٹل لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں کو سرکاری انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے اور حکمرانی و ترقیاتی امور میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔یوتھ منتھ کے تحت شروع کیے گئے اس پورٹل کے ذریعے طلبہ اور نوجوان لداخ انتظامیہ کے 25 محکموں میں انٹرن شپ کے لیے ایک ہی آن لائن پلیٹ فارم سے درخواست دے سکیں گے۔ تین ماہ پر مشتمل ’ایل جی یوا انٹرن شپ پروگرام‘ 17 ستمبر سے شروع ہوگا۔
سرکاری معلومات کے مطابق انٹرن شپ کے لیے رجسٹریشن 22 اگست سے 5 ستمبر تک جاری رہے گی، جبکہ دستاویزات کی تصدیق 6 سے 14 ستمبر تک کی جائے گی۔ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 2 ہزار نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔منتخب نوجوانوں کو ماہانہ 5 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا، جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انٹرنز کی مدت مزید تین ماہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ پروگرام مکمل ہونے پر شرکاء کو سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
انٹرن شپ کے دوران نوجوانوں کو سرکاری محکموں کے کام کاج، عوامی انتظامیہ اور ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ کا عملی تجربہ حاصل ہوگا۔ انٹرنز کو ان کی صلاحیتوں اور دلچسپی کے مطابق مختلف محکموں میں کام سونپا جائے گا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے کہا کہ لداخ کے نوجوان خطے کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور ان کی توانائی و تخلیقی صلاحیتوں کو انتظامیہ کے ساتھ جوڑنے سے مقامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شرکت لداخ کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر