غیر قانونی پان مسالہ یونٹ کا پردہ فاش، 160 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری
حیدرآباد ،23 اگست (ہ س)۔ تلنگانہ میں مرکزی اشیا و خدمات ٹیکس(سی جی ایس ٹی) کے حکام نے میڈچل-ملکاج گیری ضلع میں ٹین شیڈ سے چلائی جارہی ایک غیرقانونی پان مسالہ اورتمباکوتیارکرنے والی یونٹ کے حسابات کی جانچ کے دوران تقریباً160 کروڑ روپے کی جی ایس ٹ
غیر قانونی پان مسالہ یونٹ کا پردہ فاش، 160 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری


حیدرآباد ،23 اگست (ہ س)۔

تلنگانہ میں مرکزی اشیا و خدمات ٹیکس(سی جی ایس ٹی) کے حکام نے میڈچل-ملکاج گیری ضلع میں ٹین شیڈ سے چلائی جارہی ایک غیرقانونی پان مسالہ اورتمباکوتیارکرنے والی یونٹ کے حسابات کی جانچ کے دوران تقریباً160 کروڑ روپے کی جی ایس ٹی کی چوری کا پتہ لگایا ہے۔ سی جی ایس ٹی حکام نے گزشتہ 20 اگست کو مذکورہ یونٹ کے احاطے میں چھاپہ مارا۔ اس دوران پان مسالہ، تمباکو اورخوشبودار زردہ کی تیاری اورپیکنگ میں استعمال ہونے والی 40 غیراعلانیہ پاؤچ پیکنگ مشینیں ضبط کی گئیں۔ چھاپے کے دوران یونٹ میں تقریباً 56 مزدورکام کرتے ہوئے پائے گئے۔ کارروائی کے دوران 76لاکھ روپے مالیت کی پیکنگ کے لیے تیارمصنوعات سمیت تقریباً5,500 کلوگرام تیارمال، 2,015 کلوگرام پان مسالہ مکسچراور810 کلوگرام تمباکوضبط کیا گیا۔ اس کے علاوہ پیکنگ کا سامان، قابل اعتراض دستاویزات اورغیرقانونی سامان کی نقل وحمل میں استعمال ہونے والی دوگاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔ سی جی ایس ٹی حکام کے مطابق یہ یونٹ بغیر کسی رجسٹریشن کے غیرقانونی طورپرچلائی جارہی تھی اورتیارشدہ مصنوعات کو قابل اطلاق جی ایس ٹی سمیت دیگرٹیکس ادا کیے بغیرہی بازارمیں بھیجاجارہا تھا۔ اس معاملے کے اہم ملزم کو21 اگست کو گرفتار کرکے خصوصی جج کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ مال، مشینری، مزدوروں کی تعداد اور تحقیقات کے دوران ریکارڈ کیے گئے بیانات کی بنیاد پر ٹیکس چوری کی رقم کا تخمینہ تقریباً 160 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande