
جموں, 23 اگست (ہ س): انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر چودھری کے بھائی اور معطل پولیس انسپکٹر وجے چودھری کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ ای ڈی نے ان پر مبینہ طور پر بے نامی اثاثے رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔وجے چودھری کے خلاف اس سے قبل اینٹی کرپشن بیورو نے آمدن کے معلوم ذرائع سے زائد اثاثے جمع کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ وہ فی الحال معطل ہیں۔
ڈپٹی چیف منسٹر سریندر چودھری نے جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ای ڈی کی کارروائی کو منتخب طور پر نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی اور کئی دہشت گردانہ حملوں میں اپنی جان بچائی۔انہوں نے کہا کہ خدمات کے اعتراف کے بجائے ان کے بھائی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور معاملہ تحقیقاتی ایجنسیوں اور عدالت پر چھوڑنا چاہتے ہیں۔
سریندر چودھری نے کہا کہ ان کے خاندان سے متعلق معاملے کا فیصلہ عدالت کے ذریعے ہونا چاہیے اور انہیں عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے اس موقع پر بی جے پی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابات کے دوران مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن انتخابات ختم ہونے کے بعد ہندو مسلم سیاست کا سہارا لیتی ہے۔ انہوں نے اسے جموں و کشمیر اور ملک کے لیے بدقسمتی قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر