
کھڑگپور، 23 اگست (ہ س)۔
بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش نے کھڑگپور میں مافیا اور غنڈوں کو سخت وارننگ دی ہے۔ اتوار کو کھڑگپور کے نمبر دو وارڈ میں ایک پارٹی دفتر کے افتتاح کے لیے پہنچنے پر انہوں نے کہا کہ کھڑگپور میں کسی بھی مافیا یا غنڈے کو رہنے نہیں دیا جائے گا۔ کئی لوگ جیل جا چکے ہیں اور کئی یہاں سے فرار ہو گئے ہیں۔
دلیپ گھوش نے کہا کہ پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ اگر مافیا یا غنڈے کھڑگپور میں قدم رکھتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دال چاول کھانے سے پہلے انہیں گولی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مافیا اور غنڈوں پر لگام لگانے کے لیے پولیس کو مکمل آزادی دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس میں غنڈے، مافیا اور لیڈر پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتے تھے۔
دلیپ گھوش نے بتایا کہ کھڑگپور میں منشیات کے کاروبار سے وابستہ تقریباً 200 افراد کو پولیس گرفتار کر چکی ہے اور وہ جیل میں ہیں۔ ان میں سے کچھ لوگوں کو ضمانت مل سکتی ہے، لیکن اگر باہر آنے کے بعد بھی انہوں نے اپنا رویہ نہیں بدلا تو انہیں دوبارہ سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
انہوں نے ضرورت پڑنے پر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مجرموں کے خلاف مڈبھیڑ جیسی کارروائی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بروئی پور کے واقعے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مجرموں میں قانون کا خوف ہونا چاہیے۔
دلیپ گھوش نے کہا کہ کھڑگپور کے عوام امن سے رہنا چاہتے ہیں۔ اسی وجہ سے لوگوں نے بی جے پی کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح لوگوں کو امن اور تحفظ فراہم کرنا ہے، تاکہ لوگ بلا خوف اپنا کام اور روزگار کر سکیں۔ کسی کو دھمکانے یا پریشان کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کھڑگپور میں دھمکی کی سیاست پر روک لگ چکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ