دھار میں تیز رفتار بولیرو نے موٹر سائیکل کو ماری ٹکر، ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت
دھار، 23 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں ماگود-امجھیرا-مناور ہائی وے پر اتوار کی دوپہر تیز رفتار بولیرو نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ ایک ناب
حادثے میں موت کی علامتی تصویر


دھار، 23 اگست (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں ماگود-امجھیرا-مناور ہائی وے پر اتوار کی دوپہر تیز رفتار بولیرو نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ ایک نابالغ بچی شدید زخمی ہے۔ اسے گندھوانی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد دھار ضلع اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق کیشوی کے ساکن 32 سالہ انتر سنگھ مزدوری کرتے تھے۔ اتوار کے روز وہ اپنی بہن کے گھر داگڑیا ویرپوش تہوار کا سامان دینے گئے تھے۔ ان کے ہمراہ 12 سالہ بیٹی ریشم، 4 سالہ بیٹا اشوک اور چچا سسر بھورا سنگھ بھی تھے۔ سامان پہنچانے کے بعد چاروں موٹر سائیکل سے گاوں واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ماگود-امجھیرا-مناور ہائی وے پر تیز رفتار بولیرو نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ انتر سنگھ، ان کے بیٹے اشوک اور بھورا سنگھ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ریشم شدید طور پر زخمی ہو گئی۔ حادثے کے بعد متوفیان کی لاشیں کافی دیر تک سڑک پر ہی پڑی رہیں۔ ایمبولینس پہنچنے کے بعد لاشوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمی ریشم کو پہلے گندھوانی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے پیشِ نظر اسے دھار ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ وہ بے ہوشی کی حالت میں زیرِ علاج ہے۔

حادثے کے بعد بولیرو ڈرائیور گاڑی موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی زیرا باد پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا۔ پولیس نے عینی شاہدین سے معلومات حاصل کی ہیں۔ فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور حادثے کی باقاعدہ تفتیش کی جا رہی ہے۔

داگڑیا ویرپوش تہوار کے سلسلے میں بہن کے گھر سامان پہنچانے گئے خاندان کے لیے واپسی کا سفر آخری سفر ثابت ہوا۔ ایک ہی حادثے میں باپ، معصوم بیٹے اور چچا سسر کی موت سے خاندان میں ماتم ہے۔ حادثے میں زخمی 12 سالہ ریشم اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ انتر سنگھ کے پسماندگان میں اب ان کی اہلیہ اور والدہ رہ گئی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande