
جموں, 23 اگست (ہ س)۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ سنیل کمار بوتیال نے منی مہیش یاترا اور آئندہ کیلاش یاترا کے پیش نظر بھدرواہ-چمبہ سڑک کا معائنہ کرکے یاتریوں کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر تحصیلدار کمل پریت سنگھ، محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئر اور سول و پولیس انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔
معائنے کے دوران سڑک کی حالت اور یاتریوں کے لیے دستیاب بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اے ڈی سی نے بھیجا گاؤں اور پدری میدانوں کا بھی دورہ کیا، جہاں یاتری قیام اور سفر کے دوران مختصر پڑاؤ کریں گے۔
اے ڈی سی نے محکمہ تعمیرات عامہ اور جل شکتی کے افسران کو سڑک کی خرابیاں دور کرنے اور پینے کے پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سہولت اور سلامتی کے لیے راستے کو محفوظ اور آمدورفت کے قابل رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے آئندہ کیلاش یاترا کے انتظامات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو سڑک رابطہ، پینے کے پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
سنیل کمار نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے اور یاتریوں کی محفوظ، ہموار اور بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے فیلڈ سطح پر نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر