المناک سڑک حادثے، چارموٹرسائیکلوں کی آپس میں ٹکر، تین نوجوان جاں بحق، چھ زخمی
ہریدوار، 22 اگست( ہ س)۔ روڑکی میں پیران کلیئر کانوڑ پٹری روڈ پر جمعہ کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں چار موٹر سائیکلوں کے آپس میں زوردار تصادم میں تین نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بت
المناک سڑک حادثے، چارموٹرسائیکلوں کی آپس میں ٹکر، تین نوجوان جاں بحق، چھ زخمی


ہریدوار، 22 اگست( ہ س)۔ روڑکی میں پیران کلیئر کانوڑ پٹری روڈ پر جمعہ کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں چار موٹر سائیکلوں کے آپس میں زوردار تصادم میں تین نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی۔اطلاعات کے مطابق جمعہ، 21 اگست کی دیر رات چار موٹر سائیکلیں کانوڑ پٹری روڈ سے گزر رہی تھیں۔ اسی دوران چاروں بائیکس آپس میں زوردار طریقے سے ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ تمام موٹر سائیکلیں بری طرح تباہ ہوگئیں۔ حادثے کے بعد راہگیروں نے موقع پر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پیران کلیئر کوتوالی کے انسپکٹر انچارج کمل موہن بھنڈاری اور روڑکی سول لائنز کوتوالی کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے راہگیروں کی مدد سے زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعے روڑکی سول اسپتال پہنچایا۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے تین نوجوانوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ چھ زخمیوں کا علاج شروع کردیا گیا۔پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ایان (18) ولد شہزاد، ساکن بجھولی، کوتوالی منگلور، راجو (24) ولد قدم سنگھ اور راجیو (18) ولد مولہڑ سنگھ، دونوں ساکن رحمت پور، کوتوالی پیران کلیئر کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں زخمی آدتیہ چندرا (25) ولد سریندر، ساکن کھنجر پور، کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ بہتر علاج کے لیے انہیں ایمس ریفر کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کا روڑکی سول اسپتال میں علاج جاری ہے۔ایس پی دیہات شیکھر چندر سُیال نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق چاروں موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم ہوا ہے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ حادثے سے متعلق شواہد اور دیگر حالات و واقعات کی معلومات بھی جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ پولیس نے تینوں متوفیوں کی لاشیں قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی متوفیوں کے اہل خانہ میں کہرام برپاہوگیا۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande