
چنڈی گڑھ، 22 اگست(ہ س)۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف لطیفے سنا کر اپنا وقت گزار رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ عام آدمی پارٹی نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران خواتین اور نوجوانوں سے جو وعدے کیے تھے، ان کا کیا ہوا؟
نائب سنگھ سینی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے خواتین کو ہر ماہ 1000 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن حکومت کو پانچ سال مکمل ہونے والے ہیں اور اگلے انتخابات بھی سر پر ہیں۔ اس کے باوجود پنجاب کے وزیر اعلیٰ جلسوں میں خواتین سے پوچھ رہے ہیں کہ ’’بہن، ایک ماہ کے پیسے آپ کے اکاؤنٹ میں ڈالوں یا دو ماہ کے یا تین ماہ کے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مذاق نہیں تو اور کیا ہے؟
انہوں نے پنجاب میں خراب ہوتی قانون و انتظام کی صورتحال پر بھی بھگونت مان حکومت کو نشانہ بنایا۔ سینی نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث صنعتیں پنجاب سے منتقل ہورہی ہیں، جس کی وجہ سے نوجوانوں کے سامنے روزگار کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ مایوس اور ناامید نوجوان مسلسل منشیات کے دلدل میں پھنستے جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی ہفتے کے روز پنجاب کے پٹیالہ ضلع کے گھنور قصبے میں منعقدہ تیج مہوتسو سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے پنجاب کی خواتین کو’’ خواتین کو بااختیار بنانے‘‘، خود کفالت اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کا پیغام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین میں کوتھلیاں اور سوٹ تقسیم کیے اور ثقافتی پروگرام پیش کرنے والی خواتین فنکاروں کو بھی اعزاز سے نوازا۔
نائب سنگھ سینی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے عوام کو گمراہ کرکے ووٹ حاصل کرلیے تھے، لیکن اس مرتبہ پنجاب کے عوام، خصوصاً مائیں اور بہنیں پوری طرح بیدار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار خواتین پنجاب میں تبدیلی کے لیے تیار ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر پنجاب میں بی جے پی کی حکومت قائم کریں گی اور ریاست کو دوبارہ خوشحال اور خوش و خرم بنائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا نوجوان طبقہ بھی اب ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنانے کا ذہن بنا چکا ہے۔ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہریانہ میں خواتین کے لیے نافذ تمام فلاحی اسکیمیں پنجاب میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد یہاں کے عوام کے لیے بھی نافذ کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہریانہ کی طرز پر پنجاب کے کسانوں کی تمام فصلیں بھی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر خریدی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آلو سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کے لیے بھاوَنتَر بھرپائی اسکیم بھی نافذ کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے خواتین کو تیج تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار صرف ساون کی ہریالی اور خوشیوں کا جشن نہیں بلکہ سہاگ، خوش بختی، محبت، عقیدت اور ہماری مالا مال ثقافتی وراثت کی علامت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج وہ اپنی بہنوں کے درمیان ایک بھائی کی حیثیت سے ان کے لیے کوتھلی لے کر آئے ہیں۔ اس کوتھلی میں صرف مٹھائی نہیں بلکہ رشتوں کی مٹھاس، احترام کی خوشبو اور اپنی بہنوں کی خوشحالی کے لیے نیک تمنائیں بھی شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan