
تدریسی مواد کو آسان، عصری اور طلبہ پر مرکوز کرنے پر خصوصی زور پٹنہ، 22اگست(ہ س)۔بہار اوپن اسکولنگ اینڈ ایگزامنیشن بورڈ کے تحت تیار کیے گئےسیلف اسٹڈی کے مواد اور نصابی کتابوں کو بہتر بنانے کے لیے مہندرو واقع ایس سی ای آر ٹی میں منعقدہ چھ روزہ ورکشاپ ہفتہ کو اختتام پذیر ہوئی۔ وزیر تعلیم مسٹر متھلیش تیواری نے BIBOSE نصابی کتابوں کے جائزہ کے لیے ورک شاپ منعقد کر نے کی ہدایت دی تھی۔ورکشاپ میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور قومی نصابی فریم ورک (اسکول ایجوکیشن) 2023 کے مطابق خود سیکھنے کے مواد اور مختلف مضامین کے نصابی کتب کا بغور جائزہ لیا۔ تین مرحلوں میں منعقد ورک شاپ میں ،زبان ،کامرس، سائنس، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، ہوم سائنس، اور بزنس اسٹڈیزسمیت مختلف موضوعات کے ماہرین نے حصہ لیا ۔ اس دوران قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو مدنظر رکھتے ہوئے تدریسی مواد کو زیادہ آسان، مفید، عصری اور طلبہ پر مرکوز بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ طلبہ میں فہم، منطقی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی علم کو فروغ دینے کے لیے تدریسی مواد میں ضروری اصلاحات پر بھی بات کی گئی۔بی بی او ایس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وجے کمار نے ورکشاپ میں حصہ لینے والے تمام اساتذہ اور ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوپن اسکولنگ کے طلباء کو معیاری اور جدید ترین مطالعاتی مواد فراہم کرنا بورڈ کی ترجیح ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan