
پریاگ راج، 22 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج کے سنگم میں گنگا اور جمنا کی آبی سطح میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ کی صبح 8 بجے جاری کردہ آبی سطح کے اعداد و شمار کے مطابق تمام پشتے محفوظ ہیں اور صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
جمنا ندی کی آبی سطح نینی میں 80.69 میٹر درج کی گئی، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ نینی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گنگا ندی کی آبی سطح فافامؤ میں 81.11 میٹر رہی، یہاں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 سینٹی میٹر کا اضافہ درج کیا گیا۔ فافامؤ میں اس دوران بارش نہیں ہوئی۔ چھتناگ میں گنگا کی آبی سطح 80.34 میٹر درج کی گئی، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے اور یہاں بھی بارش نہیں ہوئی۔ بخشی باندھ پر واقع ایس ٹی پی کے قریب آبی سطح 80.88 میٹر ریکارڈ کی گئی۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق پریاگ راج میں سیلاب کے خطرے کا مقررہ نشان 84.734 میٹر ہے۔ تاہم فی الحال آبی سطح خطرے کے نشان سے نیچے ہے۔ ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ ندیوں کی آبی سطح میں ہونے والے اضافے کے پیشِ نظر متعلقہ محکموں اور افسران کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ پشتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ فی الحال تمام پشتے محفوظ ہیں اور صورتِ حال قابو میں ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن