
چندولی/وارانسی، 22 اگست (ہ س)۔
اتر پردیش میں ضلع چندولی کے تھانہ شہاب گنج علاقے کے کڑہرا گاوں میں ہفتہ کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ ایک پرانے کنویں سے خراب سبمرسیبل پمپ نکالنے کے دوران زہریلی گیس کی زد میں آنے سے تین نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک شخص کی حالت نازک ہے۔ حادثے کے بعد گاوں میں ہلچل مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلع انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ متوفیان کی شناخت کڑہرا گاوں کے رہنے والے جمال، توقیر عالم اور وارث علی کے طور پر ہوئی ہے، وہیں شمشیر نامی شخص کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گاوں کے ایک شخص کے پرانے کنویں میں خراب سبمرسیبل پمپ لگا ہوا تھا۔ ہفتہ کو اسے نکالنے کے لیے جمال، توقیر عالم، وارث علی اور شمشیر کنویں کے اندر اترے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ پمپ نکالنے کے دوران اچانک کنویں کے اندر زہریلی گیس کا اخراج شروع ہو گیا، جس کی وجہ سے چاروں بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
کنویں کے اوپر موجود گاوں والوں نے یہ منظر دیکھ کر شور مچایا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے گاوں والوں کی مدد سے چاروں کو کنویں سے باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا۔ وہاں ڈاکٹروں نے جمال، توقیر عالم اور وارث علی کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ شمشیر کی حالت نازک ہونے کے سبب اس کا علاج جاری ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ چندر موہن گرگ اور ایس پی آکاش پٹیل گاوں پہنچے اور جائے واردات کا جائزہ لیا۔ افسران نے متوفیان کے لواحقین کو تسلی دی اور ہر ممکن سرکاری امداد کی یقین دہانی کرائی۔ ابتدائی طور پر کنویں میں زہریلی گیس کے سبب دم گھٹنے کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم گیس کی اصل نوعیت کی تصدیق جانچ کے بعد ہی ہو سکے گی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کنویں میں میتھین یا کاربن مونو آکسائیڈ جیسی زہریلی گیس جمع ہو سکتی تھی۔
شہاب گنج کے تھانہ انچارج ارون پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ضروری کارروائی کے بعد تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور واقعے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
چندولی میں پیش آئے حادثے کا ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متوفیان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور قواعد کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی انہوں نے حادثے میں شدید زخمی نوجوان کی جلد صحت یابی کی تمنا بھی کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن