
غازی آباد، 22 اگست(ہ س)۔ اترپردیش کے غازی آباد ضلع کے کھوڑا تھانہ علاقے کے لوک پریہ وہار کی گلی نمبر تین میں ہفتے کی علی الصبح ایک سنسنی خیز واردات پیش آئی، جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی اور 15 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کردیا، جبکہ اس کی 14 سالہ دوسری بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کردی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔اندراپورم کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سوریہ بلی موریہ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اصل میں ارریہ، بہار کا رہنے والا راجا انصاری لوک پریہ وہار میں واقع ایک مکان کی چوتھی منزل پر اپنی اہلیہ بی بی تبسم اور دو بیٹیوں ثنا تبسم (15) اور روبی تبسم (14) کے ساتھ رہتا تھا۔پولیس کے مطابق کسی بات کو لے کر راجا انصاری کا اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ تنازع ہوگیا، جس کے بعد اس نے تیز دھار ہتھیار سے حملہ کردیا۔ حملے میں بی بی تبسم اور ان کی 15 سالہ بیٹی ثنا تبسم کی موت ہوگئی، جبکہ 14 سالہ روبی تبسم شدید زخمی ہوگئی۔ زخمی روبی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور واقعے سے متعلق شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔اے سی پی اندراپورم نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے فرسا اور چاقو سے حملہ کرکے اس واردات کو انجام دیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار نہیں ہوا بلکہ اپنے گھر کے باہر ہی بیٹھا رہا، جہاں سے پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق راجا انصاری غازی پور مرغی منڈی میں منشی کے طور پر کام کرتا ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ مالی مشکلات کے باعث ذہنی دباؤ میں تھا اور اسی کیفیت میں اس نے یہ قدم اٹھایا۔پولیس کے مطابق یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ملزم گزشتہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ ابھی پوری طرح واضح نہیں ہوئی ہے اور معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan