
بیتول، 22 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول میں ملتائی فورلین پر ہفتہ کی علی الصبح ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ جیتو ڈھابے کے قریب تیرتھ یاتریوں سے بھری ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک میں پیچھے سے ٹکرا گئی۔ اس ٹکر میں کار کے پرخچے اڑ گئے اور میاں بیوی سمیت تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت 9 افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ناگپور ریفر کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ضلع بیتول کے ملتائی فورلین پر جیتو ڈھابے کے قریب ہفتہ کی علی الصبح تقریباً 3:30 بجے ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ سیہور میں واقع کبریشور دھام جا رہے عقیدت مندوں کی تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا اگلا پہیہ ٹوٹ کر علیحدہ ہو گیا، آگے کی سیٹ پیچھے کی طرف دھنس گئی اور کار کی چھت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں دو خواتین اور ایک مرد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، کار میں سوار تمام 11 افراد مہاراشٹر کے ناگپور کے قریب بٹی بوری کول مائنز علاقے کے رہنے والے تھے اور سیہور کے کبیریشور دھام میں درشن کے لیے جا رہے تھے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ علی الصبح ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آ جانے کی وجہ سے کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی، تاہم حادثے کی اصل وجوہات کی تصدیق تفتیش کے بعد ہی ہو سکے گی۔ جائے حادثہ پر ہی دم توڑنے والے تین افراد میں سے دو کی شناخت میاں بیوی کے طور پر ہوئی ہے، جن کے نام دیپک (42 سال) اور چھایا (40 سال) ہیں۔ تیسری متوفیہ خاتون کی شناخت فی الحال نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے تینوں متوفیان کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
حادثے کی تیز آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے اور کار میں پھنسے زخمیوں کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس موقع پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر ملتائی کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی علاج کے بعد نازک حالت کے پیشِ نظر ڈرائیور سمیت تمام 9 زخمیوں کو ناگپور ریفر کر دیا گیا ہے۔
زخمیوں میں نیتک ولد اوپیندر گاندھی وار (10 سال)، اجولا زوجہ موہن (45 سال)، نیتا دختر انیل (25 سال)، انوشکا دختر اوپیندر (18 سال)، سنگیتا ایک ناتھ، شمبھو، نندن، پرجول ولد دیپک اور سوربھ ولد نند کشور چندے (30 سال - ڈرائیور) شامل ہیں۔ حادثے کے سلسلے میں پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور حادثے کے اسباب کی تفصیلی جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن