
جموں, 22 اگست (ہ س): ضلع کٹھوعہ کی عدالت نے سال 2021 کے مشہور بلور تیزاب حملہ کیس میں دو ملزمان کو سزا سنائی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج کٹھوعہ پروین پندوہ نے جمعہ کو فیصلہ سناتے ہوئے وپل شرما کو عمر قید جبکہ اس کی والدہ ریوا دیوی کو 10 سال کی سخت قید کی سزا سنائی۔عدالت نے وپل شرما پر ایک لاکھ روپے اور ریوا دیوی پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں دونوں کو مزید تین، تین ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
مقدمے کے مطابق 2 اگست 2021 کو بلور کے ڈھیر فِنٹر علاقے میں مشترکہ زمین پر تعمیراتی کام کے معاملے پر تنازعہ ہوا تھا۔ تعمیراتی کام کی مخالفت کے دوران وپل شرما اور ریوا دیوی نے مبینہ طور پر ایک ہی خاندان کے چار افراد پر تیزاب پھینک دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریوا دیوی نے ایک متاثرہ شخص کی ٹانگ پر تیزاب پھینکا، جبکہ وپل شرما نے ایک شخص کے سر پر تیزاب پھینکا، جس سے اس کے سر، چہرے، ہاتھ اور سینے پر شدید جھلسنے کے زخم آئے۔ وپل شرما نے ایک دوسرے متاثرہ شخص پر بھی تیزاب پھینکا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے 22 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ زخمی گواہوں کی گواہی طبی اور فرانزک شواہد سے بھی ثابت ہوتی ہے اور استغاثہ نے ملزمان کے خلاف الزامات شک و شبہ سے بالاتر ثابت کیے ہیں۔عدالت نے جرمانے کی مجموعی رقم ایک لاکھ 50 ہزار روپے چاروں متاثرین میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر وکٹم کمپنسیشن اسکیم کے تحت پہلے اور دوسرے متاثرہ کو چار، چار لاکھ روپے جبکہ تیسرے اور چوتھے متاثرہ کو تین، تین لاکھ روپے اضافی معاوضہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر