
نئی دہلی، 21 اگست(ہ س)۔ دہلی کی ساکیت کورٹ نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے اتر پردیش کے معروف سیاست داں رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کو ان کی اہلیہ بھانوِی کماری سنگھ کے نان و نفقہ کے لیے ہر ماہ 30 ہزار روپے ادا کرنے اور ان کے تمام طبی اخراجات برداشت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حکم ویمن کورٹ کی جج چھایا تیاگی نے جاری کیا۔
بھانوِی کماری سنگھ نے اپنے شوہر راجا بھیا سے نان و نفقہ حاصل کرنے کے لیے ساکیت کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ عرضی میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے سسرال کے مشترکہ مکان میں نہیں رہتیں اور شوہر سے الگ گرین پارک میں رہائش پذیر ہیں۔ گرین پارک میں واقع مکان کی وہ خود مالک ہیں۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ راجہ بھیا نے اب تک انہیں نان و نفقہ کے طور پر کوئی رقم ادا نہیں کی ہے۔
بھانوِی کماری سنگھ نے اپنی عرضی میں متعدد طبی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف بیماریوں سے متاثر ہیں۔ عرضی کے مطابق مبینہ جسمانی تشدد کے باعث ان کے پھیپھڑوں میں مسئلہ پیدا ہوا، جبکہ جگر میں رسولی اور موتیا بند کی شکایت بھی ہے۔
عرضی میں بتایا گیا کہ بھانوِی کی ماہانہ آمدنی تقریباً 6 ہزار روپے ہے، جو ان کے علاج اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے کافی نہیں ہے۔
ساکیت عدالت نے راجا بھیا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک 30 ہزار روپے بھانوِی کماری سنگھ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔ عدالت نے اس کے علاوہ ان کے علاج سے متعلق تمام طبی اخراجات بھی برداشت کرنے کا حکم دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا اتر پردیش کی سیاست کے بااثر اور معروف رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ پرتاپ گڑھ ضلع کی کنڈہ اسمبلی نشست سے رکن اسمبلی ہیں اور اپنی سیاسی جماعت جن سَتّا دل (لوک تانترک) کے صدر بھی ہیں۔ وہ بھدری ریاست کے وارث ہیں اور 1993 سے مسلسل سات مرتبہ کنڈہ اسمبلی حلقے سے انتخاب جیت چکے ہیں۔
راجہ بھیا اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور سماج وادی پارٹی، دونوں کی حکومتوں میں کابینی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ 2002 میں اس وقت کی وزیر اعلیٰ مایاوتی کی حکومت کے دوران ان پر سخت انسدادِ دہشت گردی قانون پوٹا کے تحت کارروائی کی گئی تھی اور انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔2013 میں کنڈہ میں اس وقت کے ڈی ایس پی ضیائ الحق کے قتل کے معاملے میں بھی راجہ بھیا کا نام سامنے آیا تھا، جس کے بعد انہیں اکھلیش یادو حکومت میں وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔عدالت کا تازہ حکم بھانوِی کماری سنگھ کی جانب سے دائر نان و نفقہ کی درخواست پر عبوری طور پر سامنے آیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan