
جموں، 21 اگست (ہ س)۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک عوامی وفد نے اجنالہ، امرتسر سے رکن اسمبلی سردار کلدیپ سنگھ دھالیوال کی قیادت میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور اوجھ دریا میں مونسون کے دوران بار بار آنے والے سیلابی پانی سے پنجاب کے مختلف علاقوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو وزیر اعظم اور مرکزی وزیر برائے جل شکتی کے سامنے اٹھائیں اور اوجھ دریا پر مناسب ڈیم یا آبی ذخیرے کی تعمیر کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے اقدامات کریں۔ وفد نے کہا کہ جامع تکنیر جائزے اور تفصیلی منصوبہ رپورٹ کی تیاری کے بعد سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے لیے دیگر قابل عمل اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
وفد کے مطابق اوجھ دریا پر ایسا منصوبہ دریا کے بہاؤ کو منظم کرنے اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ بالخصوص پٹھان کوٹ، گورداسپور اور امرتسر کے علاقوں سمیت اجنالہ تحصیل کو اس سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ وفد نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے علاوہ آبی ذخیرے کے قیام سے مونسون کے دوران اضافی پانی محفوظ کیا جاسکے گا، جسے بعد میں ضرورت کے مطابق استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ منصوبے سے پن بجلی پیدا کرنے، سیاحت، آبی کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے مواقع بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ وفد نے کہا کہ مجوزہ منصوبہ طویل مدتی آبی انتظام کو بہتر بنانے، سیلاب سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط کرنے اور خطے کی پائیدار معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وفد کو یقین دلایا کہ معاملے پر مناسب غور کیا جائے گا اور تکنیکی جائزے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ اسے اٹھایا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر