
سرینگر، 21 اگست (ہ س)۔
ضلع گاندربل میں کئی اہم محکموں کے باقاعدہ سربراہ نہ ہونے اور افسران کو اضافی چارج دیے جانے کے باعث انتظامی کام کاج متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اہم عہدے خالی رہنے سے عوامی معاملات کے بروقت ازالے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خالی عہدوں میں تحصیلدار گاندربل اور تحصیلدار تلملوہ کے عہدے بھی شامل ہیں، جبکہ کئی دیگر اہم دفاتر اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے والے افسران کے ذریعے چلائے جارہے ہیں۔
محکمہ دیہی ترقی میں بھی صورتحال قابل توجہ ہے، جہاں گنڈ اور صفاپورہ سمیت متعدد بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر انتظامی مشکلات کے باوجود کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پروجیکٹ آفیسر، آئی سی ڈی ایس سمیت دیگر اہم عہدوں کا اضافی چارج بھی افسران کے پاس ہے۔
ذرائع کے مطابق ماہی پروری، فلوریکلچر اور کان کنی سمیت بعض دیگر محکموں کے افسران بھی اضافی چارج سنبھال رہے ہیں۔ بعض افسران کو ان کے متعلقہ اضلاع سے باہر بھی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جس سے ان پر کام کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان محکموں سے متعلق متعدد عوامی مسائل زیر التوا ہیں۔ ان کے مطابق اہم عہدوں کو طویل عرصے تک خالی رکھنے اور اضافی چارج کے ذریعے انتظامی امور چلانے سے عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر ہورہی ہے۔
مقامی باشندوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خالی آسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر پُر کیا جائے اور اس وقت تک اہم عہدوں پر باقاعدہ افسران کی تعیناتی یا مناسب انتظام کیا جائے، تاکہ عوامی خدمات اور ترقیاتی کام متاثر نہ ہوں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir