
ناندیڑ میں بزرگ کے قتل کے الزام میں 3 ملزمان گرفتار
ناندیڑ، 21 اگست (ہ س)۔ ناندیڑ ضلع کے لادگا شیوارا علاقے میں پرانی رنجش کے باعث ایک بزرگ شخص کے قتل کے معاملے میں پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد لوکل کرائم برانچ اور مکھیڑ پولیس نے تکنیکی معلومات کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔ معاملے کی مزید تفتیش مکھےڑ پولیس اسٹیشن کی ٹیم کر رہی ہے۔
ناندیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلاب روہن نے جمعہ کو بتایا کہ کچھ دن قبل کشور راج کمار جوگدند 22 کے خلاف مکھےڑ پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ درج کیا گیا تھا۔ اسی پرانی رنجش کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 اگست کی رات تقریباً 11 بجے کشور جوگدند نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شکایت کنندہ کے والد بابو پندلک گائیکواڑ 60 پر لادگا شیوارا کے ایک کھیت میں چاقو سے جان لیوا حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق چاقو سے کیے گئے حملے میں بابو پندلک گائیکواڑ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حملے کے بعد ملزمان نے شکایت کنندہ کی والدہ پر بھی چاقو سے حملہ کیا اور انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی۔ اس سلسلے میں مکھےڑ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔واقعے کے بعد لوکل کرائم برانچ اور مکھےڑ پولیس نے تکنیکی معلومات کی بنیاد پر ملزمان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا۔ اس کے بعد مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں پولیس نے کشور راج کمار جوگدند، سوہم سندرسنگھ بیاس عرف سونیا اور منگیش نورتّی لنگے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس قتل کی واردات کے پس پردہ وجوہات اور دیگر پہلوؤں کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے